ة بدترین معاشی بحران کے شکارعوام کی ترجمانی نہ کی گئی تووہ معاف نہیں کریں گی: پیر اعجاز ہاشمی

اتوار 19 مئی 2019 21:16

ؔلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2019ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے مشاورتی اجلاس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تاریخ کے بدترین معاشی بحران کے شکارعوام کی ترجمانی نہ کی گئی تو وہ معاف نہیں کریں گے ۔ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ملکی خودداری اور ایٹمی صلاحیت بھی خطرے میں ہے ۔

معیشت تباہ ہوچکی ،ڈالر سنبھالا نہیں جارہا ۔پاکستانی روپیہ کاغذ کا ٹکڑا بن چکا ہے ۔ جمہوری ملک میں غیر منتخب عناصرسیاسی عہدوں پر مسلط ہو کر قوم کی تقدیر کے فیصلے کر رہے ہیں۔جبکہ بونے سیاستدان جنہیں منتخب کروا کر قوم پر مسلط کیا گیا ہے۔ ان میں صلاحیت اور سیاسی بصیرت ہی نہیں ہے کہ ملکی مسائل کو حل کر سکیں۔

(جاری ہے)

ا پوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونا ہوگا۔

ورنہ نااہل حکمران ملکی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن جائیں گے۔ آئی ایم ایف عملی طور پر ملک پر مسلط ہے ۔سلامتی کا تقاضا ہے کہ اپوزیشن عوام کی نمائندگی کرے اور ایک لائحہ عمل کے ساتھ عیدالفطر کے بعد احتجاجی تحریک شروع کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھا کہ عوام کی نمائندگی متحدہ مجلس عمل بہتر انداز میں کر سکتی ہے اور ہم نے 25 جولائی 2018ء کے انتخابی ڈرامے کے فوری بعد تمام سیاسی جمہوری پر واضح کردیا تھا کہ حکمرانوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے علاوہ کوئی چارہ کار نہیں۔

مگر ہماری تجویز پر اس وقت کان نہ دھرا گیا۔ اب دیر آید درست آید کے مصداق بلاول بھٹو زرداری نے افطار ڈنر پر اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھاکرکے اچھا پیغام دیا ہے۔ امید کرتے ہیں کہ ایک لائن آف ایکشن تیارکرکے آئی ایم ایف کے غلاموں کی حکومت کو چلتا کریں گے۔ کیونکہ پٹرولیم مصنوعات ، بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کی آئی ایم ایف کی شرائط ماننے کے بعد خدشہ ہے کہ کہیں ایٹمی قوت سے دستبرداری کی شرط بھی قبول نہ کرلی جائے۔پاکستان کے مالک ومختار عوام ہیں، انہیں نظر انداز کیا گیا تو کچھ نہیں بچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوامی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے حکمرانوں سے نجات کا لائحہ عمل قوم کو دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں