وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ملاقات ، مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

بے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا،صوبے میں قبضہ مافیاء کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا، ملاقات میں اتفاق

پیر 20 مئی 2019 16:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) وفاقی اور پنجاب حکومت نے مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا،صوبے میں قبضہ مافیاء کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ پیر کو وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی جس میں صوبے میں امن و امان اورسکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقات میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کی مزید بہتری کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانے پر اتفاق کرتے ہوئے مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ، ملاقات میں فیصلہ کیا گیاکہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے امن عامہ کی بہتری کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کومزید بہتر بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ صوبے میں قبضہ مافیاء کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کہاکہ وفاقی وزارت داخلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ میں پنجاب کے بعد دیگر صوبوں کے بھی دورے کروں گا۔ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں