فیڈمک میں مختلف صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں: میاں کاشف اشفاق

علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاروں کی رغبت کیلئے 150 ایکڑ رقبے پر جدید فرنیچر سٹی تعمیر کیا جائے گا ، چیئرمین فیڈمک

پیر 23 ستمبر 2019 22:13

اہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2019ء) فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہاہے کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ملکی معیشت کے استحکام کے لیے برآمدات میں اضافے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ 150 ایکڑ قطعہ اراضی پر دنیا کا پہلا جدید ترین فرنیچر سٹی تعمیر کیا جائے گا جس کا مقصد بین الاقوامی مارکیٹ کے معیار سے مسابقت کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کی معاونت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈمک کے لاہورکیمپ آفس میں فرنیچر کے برآمدگان کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔چیئرمین فیڈمک نے کہا کہ فرنیچر سازوں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے وفاقی اور صوبائی محکموں کے ساتھ معاملات کے حل میں معاونت کے علاوہ انہیں ایک بھرپور کاروباری ڈھانچہ بھی فراہم کیا جائے گا، اس طرح کے اہم منصوبوں کو سرخ فیتے کی نذر ہونے سے بچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ون ونڈو آپریشن کے آغاز سے فیڈمک کو سرمایہ کاروں کے لیے بھی سہولتی مرکز بنایا جائے گا،انہیں ایک چھت کے نیچے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ فیڈمک میں مختلف صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ہمیں ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تمام متعلقہ محکموں کو دو ٹوک انداز میں ہدایت کی ہے کہ خصوصی اقتصادی ژونز میں سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، اس کے نتیجے میں حکومت نے لیبر، انوائرمنٹ اور دوسرے قوانین پر عملدرآمد اور مقامی و صوبائی ٹیکسوں کی وصولی کے لیے اتھارٹی تشکیل دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے محکمے بشمول یوٹیلٹی کمپنیز، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اپنی سرگرمیوں کے لیے خصوصی اقتصادی ژونز میں اپنے نمائندے تعینات کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں و پیداواری اداروں کو راغب کرنے کے لیے ایک مراعات پر مشتمل پالیسی پیکیج کی پیشکش کی ہے،اس پیکیج کے تحت انہیں خصوصی اقتصادی ژونز کے لیے پلانٹ اور مشینری کی ملک میں درآمد پر ایک بار تمام کسٹم ڈیوٹیز اور ٹیکسوں سے چھوٹ دی جائے گی۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فیڈمک فرنیچر انڈسٹری کے لیے انتہائی جدید ’’ سنٹر فار ایکسیلنس‘‘ بنائے گی جہاں لکڑی کے کاریگروں اور طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے منفرد تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ فرنیچر مصنوعات کی تیاری میں بین الاقوامی معیار پر عمل کرسکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں