وزیراعظم عمران خان کا دورہ ایران خطے میں امن و سلامتی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا،ایم شاہ زید خان

پیر 14 اکتوبر 2019 18:55

لاہور۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ایم شاہ زید خان نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ ایران خلیجی خطے میں امن و سلامتی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے ثالثی کا کردار امت مسلمہ اور دنیا کی طرف سے وزیراعظم کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے، وزیراعظم دنیا کے مقبول ترین رہنما ہیں ان کا مسلم امہ کیلئے کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس تناظر میں ایران اور سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا وکیل، سفیر اور ترجمان بن کر مظلوم کشمیریوں کو حق خود ارادی دلانے کے لئے عالمی برادری کو جھنجھوڑا اور وہ مظلوم کشمیریوں کے سفیر بن کر ہر فورم پرکیس لڑ رہے ہیںاس لیے کشمیر کی عوام ان سے دیوانہ وار عقیدت رکھتے ہیں ،عمران خان دنیا بھر میں نئے، پرعزم، بااعتماد، باوقار اور روشن پاکستان کا چہرہ متعارف کرا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اقوام متحدہ میں عمران خان کی تقریر ایک عالمی مدبر مسلم رہنما کا خطاب تھا جہاں انہوں نے دوٹوک الفاظ میں پوری امت مسلمہ کی ترجمانی کی جس کو پوری امت مسلمہ کی جانب سے نے حد سراہا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں