قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ ‘ناردرن نے سندھ کو اننگز اور 5 رنز سے شکست دے دی

بدھ 16 اکتوبر 2019 21:50

لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ناردرن نے سندھ کو اننگز اور 5 رنز سے شکست دے دی۔ اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے تین روزہ میچ میں فالو آن کا شکار ہونے والی سندھ کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی 171 رنز پر ڈھیر ہوگئی‘سندھ کے کھلاڑیوں کو پچ پر دوڑنے کی قیمت ادا کرنا پڑی‘ ناردرن کو 5 اضافی رنز سے نواز دیا گیا‘ میچ کے دوسرے روزسندھ کی ٹیم 2 بار آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹی۔

بدھ کے روز ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنزسے کھیل کا دوبارہ آغاز کرنے والی سندھ کی ٹیم پہلی اننگز میں101اور دوسری اننگز میں 171 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی‘ پہلی اننگز میں سندھ کے 9 اور دوسری اننگز میں 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے‘ناردرن کی جانب سے اسپنر عاقب لیاقت نے 6 جبکہ مہران ممتاز اور منیر ریاض نے 5،5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ناردرن کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 272 رنز بنائے تھے۔

دوسری جانب جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم کوپہلی اننگز میں بلوچستان کے خلاف20 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی۔ قبل ازیں سنٹرل پنجاب نے بغیر کسی نقصان کے 35 رنز سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کیا‘اوپنر سعد بن اطہرکی شاندار سنچری کی بدولت میزبان ٹیم نے مقررہ 83 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 378 رنز بنائے‘ سعد بن اطہر نے 12 چوکوں کی مدد سے 108 رنز اسکور کیے‘بلوچستان کی جانب سے اسپنر محمد جنید نے 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا‘ بلوچستان کی ٹیم میچ کے آخری روز اپنی دوسری اننگز کاآغاز کرے گی۔

اس سے قبل بلوچستان نے پہلی اننگز میں مقررہ83 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنائے تھے۔کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں سدرن پنجاب کی ٹیم خیبرپختونخوا کے 270 رنز کے جواب میں 267 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ خیبرپختونخوا نے دوسری اننگز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل سدرن پنجاب کی ٹیم باسط علی اور محمد آصف کی نصف سنچریوں کی بدولت 267رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔اوپنر باسط علی نے 82 اور آلراؤنڈرمحمد آصف نے 58 رنز کی اننگز کھیلیں۔خیبرپختونخواکے حارث خان نی3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ خیبرپختونخوا کو دوسری اننگز میں مجموعی طور پر 80 رنز کی برتری حاصل ہوچکی ہے اور اس کے 3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں