یہ سال گزشتہ سال کی نسبت بہتر ہو گا‘ا س میں سیاسی و معاشی بہتری آئے گی، مخالفین باتیں کرتے رہتے ہیں، غلام سرور خان

ہفتہ 25 جنوری 2020 21:32

لاہور۔25 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی و موسمیات غلام سرور خان نے کہا ہے کہ حکومت اور پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کریگی‘ یہ سال گزشتہ سال کی نسبت بہتر ہو گا‘ا س میں سیاسی و معاشی بہتری آئے گی‘ مخالفین باتیں کرتے رہتے ہیں‘ حکومت کہیں نہیں جارہی، یہ سیاسی بیان ہے کہ اتحادی ہمیں چھوڑکر جارہے ہیں‘ تاہم اتحادیوں کے کچھ تحفظات ہوتے ہیں وہ ہم انشاء اللہ پورے کرینگے اور کوئی اتحادی ہمیں چھوڑ کر نہیں جارہا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز محکمہ موسمیات کے دفتر میں میڈیا اور آئی ٹی سنٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین باتیں کرتے رہتے ہیں‘ حکومت کہیں نہیں جارہی‘ ہم پانچ سال پورے کرینگے‘ یہ سیاسی بیان ہے کہ اتحادی ہمیں چھوڑکر جارہے ہیں‘ تاہم اتحادیوں کے کچھ تحفظات ہوتے ہیں وہ ہم انشاء اللہ پورے کرینگے اور کوئی اتحادی ہمیں چھوڑ کر نہیں جارہا‘ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی موجودہ دور میں بہت زیادہ اہمیت ہے‘ اس سے ہمیں بارش‘ طوفان اور سیلاب سے بروقت آگاہی سے نقصانات سے بچا جاسکتا ہے‘ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کی ہدایت پر جلد تحصیل کی سطح پر محکمہ موسمیات کے ریڈار سسٹم نصب کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نہ ہی چوہدری نثار آرہے ہیں اور نہ ہی میں کہیں جارہا ہوں‘ انہوں نے کہا کہ ن لیگ سیاست میں متحرک رہنے کیلئے اور اپنی جان بچانے کیلئے اس قسم کے بیانات دے رہے ہیں کہ حکومت جارہی ہے‘ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں یہ سال بہتر ہو گا‘ انہوں نے کہا کہ ابھی تک تو مسلم لیگ (ن) کی کرپشن کی باتیں سامنے آرہی ہیں‘ ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی میں جمہوریت ہے، یہاں پر کیبنٹ میٹنگ میں بھی ہمارے ممبران اختلاف رائے دے سکتے ہیں‘ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کرونا وائرس کی ملتان میں جو مریض رپورٹ ہوئے ہیں اس کی ابھی تحقیق جاری ہے‘ ہم نے تمام بین الاقوامی ایئر پورٹ پر سکریننگ کی سہولیات فراہم کر دی ہیں‘ ایئر پورٹ پر ڈاکٹر اور حفاظتی عملہ موجود ہے جس مریض میں کوئی علامت ہے اس کو چیک کیا جاتا ہے، اب تک صورتحال کنٹرول میں ہے‘ ایک اور سوال میں انہوں نے کہا کہ گلف ایئر لائن‘ آذر بائیجان اور لفتھانزا ایئر لائن سے بات چیت جاری ہے لیکن ہم نے اپنی ایئر لائنز کو بحال کرنا ہے‘ اسی سال پانچ جہاز نئے آرہے ہیں اور پی آئی اے کو دیگر نئے روٹس دیئے جائینگے‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان سول ایوی ایشن میں نجکاری نہیں کی جارہی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں