آنے والے مالی سال کے دوران راولپنڈی کے شہریوں کیلئے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے‘راجہ راشد حفیظ

کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت شہر کو ماحول دوست بنانے کیلئے موسم بہار کی شجر کاری کو عوامی مہم بنا کر اسے سر سبز و شادات بنایا جائیگا

اتوار 23 فروری 2020 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2020ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ آنے والے مالی سال کے دوران راولپنڈی کے شہریوں کیلئے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے، ٹریفک کے مسائل سمیت سیوریج ، سڑکوں کی تعمیر و مرمت ، پانی ، تعلیم اور صحت کی مزید اور معیاری سہولیات کے علاوہ کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت شہر کو ماحول دوست بنانے کیلئے موسم بہار کی شجر کاری کو عوامی مہم بنا کر اسے سر سبز و شادات بنایا جائیگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونین کونسل 41 میں نئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح اور دیگر ترقیاتی کاموںکے آغاز پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکریٹری شیخ راشد شفیق کے علاوہ مختلف یونین کونسلوں کے راہنمائوں اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ جب ارادے کوشش میں بدل جائیں توکامیابی یقینی بن جاتی ہے اور ہمارے ارادے محض کھوکھلے نعرے نہیں بلکہ عملی کوششوں میں ڈھل چکے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر کا سب سے بڑا مسئلہ ٹریفک ہے جس کے حل کیلئے نالہ لئی ایکسپریس وے اور رنگ روڈ سمیت سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے متعدد منصوبے زیر عمل لائے جا رہے ہیں ․ شہر کو سرسبز و شادات بنانے کیلئے شجر کاری مہم کو عوامی مہم کے طور پر لانچ کیا جائیگا جبکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے سیوریج سسٹم کو بھی بہتر بنانا ہمارے پلان میں شامل ہے ․ انہوں نے کہا کہ میرے حلقہ انتخاب میں ہر یونین کونسل کی سطح پر عوامی مسائل کے حل کیلئے مقامی عوامی نمائندوں کے ساتھ میرا رابطہ ایک تسلسل کے ساتھ قائم ہے ․راجہ راشد حفیظ کا کہنا تھا کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ با اختیار بنانے جا رہی ہے ․ الیکشن کے بعد بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے عوام اپنے مسائل اپنی ترجیحات اور مرضی کے مطابق حل کرنے میں بااختیار ہونگے ․ تقریب سے شیخ راشد شفیق نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی نمائندگی کرتے ہوئے خطاب کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے علاوہ وفاق کی جانب سے شیخ رشید احمد بھی شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے یکساں کوششوں میں شریک ہیں ․ اس موقع پر دیگر مقررین نے علاقے کے عوام کو درپیش اجتماعی مسائل کے حل کیلئے عملی کاوشوں پر راجہ راشد حفیظ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ․

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں