شیرانوالہ گیٹ فلائی اوور شمالی لاہور میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے مددگار ثابت ہو گا‘احمد عزیز تارڑ

فلائی اوور سے روزانہ ایک لاکھ21ہزار سے زائد گاڑیوں کو فائدہ ہوگا، منصوبہ10 ماہ میں مکمل کرلیاجائے گا

جمعرات 29 جولائی 2021 20:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے کہاہے کہ شیرانوالہ گیٹ فلائی اوور منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ شمالی لاہور میں ٹریفک مسائل کے لئے حل کے لیے مددگار ثابت ہو گا۔فلائی اوور سے روزانہ ایک لاکھ21ہزار سے زائد گاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔

منصوبہ10 ماہ میں مکمل کرلیاجائے گا۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے گزشتہ روز شیرانوالہ گیٹ فلائی اوورمنصوبے کا دورہ کیااور چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین خان نے ڈائریکٹر جنرل کومنصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑنے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شیرانوالہ گیٹ فلائی اوور منصوبے کے لئے لینڈ ایکوزیشن کا کام تیز کیا جائے۔

(جاری ہے)

نیسپاک اور واسا نئے سیوریج سسٹم اور ڈرین کے لئے مل کر ڈیزائن بنائیں۔ شہر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں گے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے ایک موریہ پل منصوبے کے کنٹریکٹر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایک موریہ پل پر کام میں کسی قسم کی کوتاہی اورمزیدتاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ، اس منصوبے پر کام جلد از جلد مکمل کیاجائے ۔

چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین خان نے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ کومنصوبے کے بارے میںبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فلائی اوور کے ساتھ انڈ ر گرائونڈ سیوریج پر کام تیز ی سے جاری ہے۔بوسیدہ سیوریج لائنوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک کی بہتر روانی کے لئے ٹریفک پولیس کے لئے مل کر پلان بنایا گیا ہے۔ فلائی اوورکی 66پائلیں لگ گئی ہیں۔ سیوریج مسائل کے حل کے لئے 36انچ کی نئی پائپ لائن ڈالی جائے گی۔ ایک موریہ پل منصوبے میں ریلوے لائنوں کی شفٹنگ کا فیز ون مکمل ہو گیا ہے۔اس موقع پر ایم ڈی واسا اورپراجیکٹ ڈائریکٹر اقرار حسین سمیت ایل ڈ ی اے، نیسپاک اور واساکے متعلقہ افسران بھی موجودتھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں