اپوزیشن جماعتیںلانگ مارچ کے اعلان سے دم تورٹی سیاست کو ’’لانگ ‘‘نہیں کر سکتیں‘ ہمایوں اختر

تحریک چلانے کا کوئی جواز نہیں ،صرف خود کو انتخابات تک سر گرم رکھنے کیلئے سیاسی مشقیں کر رہے ہیں

اتوار 23 جنوری 2022 13:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) پاکستان تحریک انصاف سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیںلانگ مارچ کے اعلان سے اپنی دم تورٹی سیاست کو ’’لانگ ‘‘نہیں کر سکتیں بلکہ حالیہ چند ماہ میں ان کی سیاست مزید سکڑ گئی ہے ،اپوزیشن کے پاس تحریک چلانے کا کوئی جواز نہیں یہ صرف خود کو انتخابات تک سر گرم رکھنے کیلئے سیاسی مشقیں کر رہے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اچھی طرح آگاہ ہے کہ بے پناہ معاشی مشکلات کے باوجود پاکستان اب درست سمت میں گامزن ہو چکا ہے اور ان کاحکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا کوئی بھی حربہ کامیاب نہیں ہو سکتا ۔ اپوزیشن اس سے پہلے بھی اپنے منفی بیانیے کی وجہ سے منہ کی کھا چکی ہے لیکن اب دوبارہ اپنی ناکامی کو دہرانا چاہتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ در حقیقت اپوزیشن بند گلی میں داخل ہو چکی ہے اوراپنی ناکامی کو چھپانے اورفیس سیونگ کے لئے لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ تمام عالمی ادارے پاکستان کے حوالے سے مثبت اشاریے ظاہر کر رہے ہیں اور یہی اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہا ، عالمی ادارے کی رپورٹ ہے کہ کورونا وباء میں معمولات زندگی بحال کرنے میں پاکستان نے بڑی معیشتوں کو بھی پچھاڑ دیا ہے لیکن اپوزیشن ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے بغض میں ’’ میں نہ مانوں کی رٹ ‘‘ لگائے ہوئے ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں