محکمہ معدنیات کے زیر اہتمام پہلی تین روزہ پنجاب مائننگ ایکسپو کا آغاز

جمعرات 19 مئی 2022 23:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) محکمہ معدنیات کے زیر اہتمام ملکی تاریخ کی پہلی تین روزہ پنجاب مائننگ ایکسپو کا آغاز جمعرات کے روز انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر لاہور میں ہو گیا، جس کا افتتاح پنجاب منرل کمپنی کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز ثمر مبارک مند نے کیا، پنجاب مائننگ ایکسپو 21 مئی تک جاری رہے گی۔ اس موقع پرسیکرٹری معدنیات محمد علی عامر کی قیادت میں ایڈیشنل سیکرٹری سارہ رشید، ڈپٹی سیکرٹری عاتکہ عمار بخاری و دیگر افسران بھی موجود تھے،پنجاب مائننگ ایکسپو میں صوبائی مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹس کے سیکرٹریز اور افسران پر مشتمل وفود نے بھی شر کت کی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ سندھ ، بلوچستان، کے پی کے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے محکمہ معدنیات اور منرلز سے منسلک سرمایہ کار بھی اس ایکسپو میں شرکت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایکسپو میں صوبائی محکموں نے اپنے اپنے صوبوں سے دریافت شدہ معدنیات کے سٹالز لگائے ہیں، خواتین کی دلچسپی کے لیے دیدہ زیب اور قیمتی پتھروں سے تیار شدہ جیولری بھی پیش کی جا رہی ہے،اسی طرح نمک سے تیار شدہ گھریلو سجاوٹ کا سامان ایکسپو میں نمائش کے لیے پیش کیا جا رہا ہے جبکہ دیگر صوبوں کے سیکرٹریز نے اپنے محکموں اور صو بے میں پائی جانے والی معدنیات پر پریزنٹیشنز دیں۔

ایکسپو کے پہلے روز مائننگ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان بالخصوص پنجاب میں پائی جانے والی معدنیات بارے سرمایہ کاروں کو معلومات فراہم کی گئیں،اس کانفرنس سے مائننگ سیکٹر میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ بعد ازاں محکمہ معدنیات پنجاب اور دیگر صوبائی محکموں کے سیکرٹریز کے مابین معدنی ذخائر کی تلاش اور معدنی ترقی کے امور پر شراکتی بنیادوں پر کام کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں