جیل میں خواتین سے ناروا سلوک کے الزامات پراپیگنڈہ ،9مئی کو32 خواتین گرفتار ہوئیں 11 جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں ، محسن نقوی

پیر 29 مئی 2023 21:04

جیل میں خواتین سے ناروا سلوک کے الزامات پراپیگنڈہ ،9مئی کو32 خواتین گرفتار ہوئیں 11 جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں ، محسن نقوی
․لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2023ء) نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ جیل میں خواتین سے ناروا سلوک کے الزامات صرف پراپیگنڈا ہیں،مائوں بہنوں کی عزت ہوتی ہے، خدارا ایسے الزامات لگانے سے قبل سوچ لینا چاہئے،ساری مائیں بہنیں ہماری اپنی ہیں اور ہم نے مائوں بہنوں کی عزت کرنا سیکھی ہے۔ وہ اتوار کو رات گئے سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

نگران وزیرا علی محسن نقوی نے کہا کہ 9مئی کے واقعات میں 32خواتین گرفتار ہوئیں اوران میں سے 11خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر لیڈیز جیل میں ہیں اور ان خواتین کے ساتھ جیل میں لیڈیز سٹاف ہوتا ہے،کبھی جیل میں اس طرح کا واقعہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوا، کیمرے بھی لگے ہوئے ہیں اور ہماری مانیٹرنگ ٹیمیں بھی ہیں۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے کہا کہ خدانخواستہ پنجاب میں جب تک میں موجود ہوں اس وقت تک مائوں بہنوں کو تحفظ فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جناح ہائوس پر حملہ کرنے والوں کو ہر صورت گرفتار کر رہے ہیں، میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ جناح ہائوس پر حملے میں ملوث کوئی بھی جتنا مرضی اثرورسوخ والا ہو وہ بچے گا نہیں اور اس کا پورا ٹرائل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جناح ہائوس پر حملہ کرنے والا کوئی چھوٹ سکتا ہے نہ ہم چھوڑیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں نگران وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ اس وقت تک عمران خان کی نظر بندی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ خدیجہ شاہ جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں اور قانونی کارروائی ہو رہی ہے،ہم نے بعض پولیس والوں کے خلاف بھی ایکشن لیا ہے جبکہ دیگر واقعات میں مطلوب خواتین سے نرم رویہ اختیار کیا ہے اور انہیں گرفتار کرنے سے گریز کر رہے ہیں تاہم ان خواتین کو تفتیش کے لئے بلا رہے ہیں اور ریڈ کے لئے بھی لیڈیز پولیس کو ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔

محسن نقوی نے بتایا کہ ایک خاتون ایس ایس پی تمام امور کو خود مانیٹر کر رہی ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر دوبارہ جیل میں خواتین سے ملنے جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی ہماری ذمہ داری ہیں، جو صحافی کوریج کے لئے گئے تھے ہم انہیں فوری چھوڑ رہے ہیں،ہماری کوشش ہے کہ صحافیوں کا نام لسٹ میں بھی نہ آئے، صحافی ہماری پہلی ترجیح ہیں۔ قبل ازیں نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے سمن آباد انڈرپاس پراجیکٹ کا دورہ کیا اورتعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔

کمشنر لاہورڈویژن و ڈی جی ایل ڈی محمد علی رندھاوا نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت بارے بریفنگ دی۔ محسن نقوی نے پراجیکٹ پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رات گئے بھی عوامی فلاح کے اس منصوبے پر ورکرز کو کام کرتا دیکھ کر خوشی ہوئی۔محسن نقوی نے 15 جون تک سمن آباد انڈر پاس کو ٹریفک کے لئے کھولنے کا ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے پر دن رات کام جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ 5ماہ سے منصوبہ سست روی کا شکار تھا مگر اب اس منصوبے پر کام تیز ہوا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں