اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی لوگوں کی خدمت جاری رکھیں گے‘ذبیح اللہ مجاہد

حکمران وعدہ پورا کریں ، عوام کو تین سو یونٹ تک مفت بجلی دیں‘رہنما جماعت اسلامی

بدھ 13 مارچ 2024 17:25

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2024ء) جماعت اسلامی کے رہنما ذبیح اللہ مجاہد نے اپیل کی ہے کہ جن لوگوں کو اللہ تعالیٰ نے وسائل دیے ہیں وہ معاشرے میں ضرورت مندوں کا خیال کریں، عطیات اور مالی مددکے کارخیر کو تیز کیا جائے ، رمضان میں تاجر خود رضاکارانہ طور پر قیمتیں کم کریں، حکمرانوں سے کوئی توقع نہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی،ہم اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی لوگوں کی خدمت جاری رکھیں گے، مہنگائی کم نہ ہوئی تو بھرپور احتجاج کریں گے، حکمران وعدہ پورا کریں اورعوام کو تین سو یونٹ تک مفت بجلی دیں۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ نے غریب عوام کے لیے سحری اور افطاری کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

سبزیاں، پھل اور ضروری اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے دور ہیں، منڈیوں میں ذخیرہ اندوزوں نے سپلائی کنٹرول کر کے قیمتوں میں مزید اضافہ کیا ۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کا پیکج عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے نا کافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز سے غریب عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کا منصوبہ ناکافی ہے ۔ 65فی صد عوام کو یوٹیلیٹی سٹورز کی سہولت میسر نہیں ہے۔ حکومت کو قیمتوں پر کنٹرول کرنا چاہیے تاکہ غریب آدمی آرام سے روزے رکھ سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں