سرکاری افسران عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ انعام اللہ خان دھاریجو

جمعہ 29 مارچ 2024 13:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن انعام اللہ خان دھاریجو نے سرکاری افسران پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں عوام کی خدمت کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اورعوامی فلاح و بہبود اور انہیں بہم ریلیف کی فراہمی کےلئے بہترین او رعوام دوست پالیسیاں تشکیل دیں تا کہ عام آدمی کے مسائل فوری حل ہو سکیں۔

وہ جمعے کے روز یہاں سول سروسز اکیڈمی والٹن میں 51ویں کامن ٹریننگ پروگرام کی پاسنگ آوٹ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ،فیکلٹی ممبران ، پروبیشنری افسران اور ان کے والدین موجود تھے۔ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن انعام اللہ خان دھاریجو نے پروبیشنری افسران سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ سول سرونٹس ہونے کے ناطے معاشرے کی بہتر اصلاح اور ملک و قوم کی ترقی کےلئے ہمہ وقت کوشاں رہیں کیونکہ عوام کی امیدیں آپ سے وابستہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سول سرونٹس ملک کی مشینری کا کلیدی حصہ ہیں جس کے بغیرنہ ملک آگے بڑھ سکتا ہے اور نہ ہی معاشرے کی حقیقی معنوں میں اصلاح ممکن ہو سکتی ہے لہذا آپ دلجمعی ، تندہی اور محنت کے ساتھ مہذب معاشرے کی تشکیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ سول سروس کا مقصد لوگوں کی بھلائی اور بہتری ہے، سول سروسز اکیڈمی کو 51 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، بطور سول سرونٹس آپ کی ذمہ داری ہر شہری تک موثر اور قابل رسائی خدمات کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا یہ بات بہت خوش آئند ہے کہ فارغ التحصیل افسران میں خواتین کا بڑا حصہ شامل ہے، ان کی شمولیت یقینی طور پر حکومتی پالیسیوں کی تشکیل میں زیادہ توازن لائے گی، آج کے دور میں ٹیکنالوجی اور ٹیم ورک کی بہت اہمیت ہے،ملک میں گڈ گورننس اور معاشی ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل بہت اہم ہے۔آخر میں انہوں نے کورس مکمل کرنے والے افسران اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ کورس مکمل کرنے والے تمام افسران اپنے اپنے شعبوں میں بہترین خدمات انجام اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کےلئے ٹھوس اور پائیدار پالیسیاں تشکیل دیں گے۔بعد ازاں مہمان خصوصی نے کورس مکمل کرنے والے افسران میں ایوارڈ اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں