الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے پی پی 133 ننکانہ صاحب سے ن لیگی امیدوار رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

منگل 16 اپریل 2024 13:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے پنجاب کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 133 ننکانہ صاحب سے کامیاب ہونے والے ن لیگی امیدوار رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔ لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل کے جج جسٹس شاہد کریم نے صوبائی حلقہ پی پی 133 ننکانہ صاحب سے رانا ارشد کی کامیابی کیخلاف پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار محمد عاطف کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست میں الیکشن کمیشن اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے درخواست گزار نے فارم 45 کے مطابق 3 ہزار 500 سے زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی، الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کا حکم دیا، دوبارہ گنتی میں رانا ارشد کو اڑھائی ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیاب قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوچکا تھا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے اور درخواست گزار کی بطور ایم پی اے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔عدالت نے پی پی 133 ننکانہ صاحب سے ن لیگی امیدوار رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں