مصنوعی مہنگائی کی اجازت نہیں دیں گے ، روٹی 16 روپے، نان 20 روپے میں فروخت کو یقینی بنایاجارہاہے، صوبائی وزیرخوراک بلال یاسین

منگل 16 اپریل 2024 20:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی کی اجازت نہیں دیں گے،شہر بھر میں میں روٹی 16 روپے،نان20 روپے میں فروخت کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں روٹی اور نان کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے شادمان اور مسلم ٹائون کے علاقوں کے دورہ کے موقع پر گفتکو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نئی قیمتیں تمام اعداد وشمار دیکھنے کے بعد نوٹیفائی کی گئیں ہیں اورکسی کو مصنوعی مہنگائی کی اجازت نہیں دیں گے۔وزیر خوراک پنجاب نے کہا کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں500 روپے تاریخی کمی ہے جس کے ثمرات نچلی سطح تک لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں میں روٹی16 روپے،نان20 روپے میں یقینی بنا رہے ہیں،قیمت کیساتھ روٹی اور نان کا وزن بھی پورا کروا رہے ہیں،عوام کو سستی روٹی کی فراہمی کے مشن کو جاری رکھا ہوا ہے،حکومتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والو ں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھجوائیں گے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں بلال یاسین نے شادمان اور مسلم ٹائون کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور،اے ڈی سی جی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیر خوراک نے مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر4 افراد کو موقع سے گرفتارجبکہ مہنگی روٹی بیچنے پر وحدت روڈ پر2 پوائنٹس سیل کر دیئے ۔انہوں نے مارکیٹ کی ناقص مانیٹرنگ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سرزنش کی اور ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ تمام بازاروں میں پرائس لسٹ آویزاں کروائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں