’’چیف منسٹر لاہور ری ویمپنگ پلان‘‘ کے لئے 30 جون کی ڈیڈلائن مقرر

بلدیہ عظمیٰ کی 188 اور واسا کی 207 سکیمیں مکمل ہوں گی‘ وزیر بلدیات ذ یشان رفیق نظرانداز شدہ علاقوں پر فوکس ہوگا‘ معاون خصوصی وزیراعلیٰ ذیشان ملک کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 18 اپریل 2024 19:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیرصدارت ایک اجلاس میں ’’چیف منسٹر لاہور ری ویمپنگ پلان‘‘ کی تکمیل کے لئے 30 جون کی ڈیڈلائن مقرر کرنے اور محکمہ بلدیات پنجاب کا بطور تعمیراتی ایجنسی اختیار بلدیہ عظمیٰ کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واسا ہیڈ افس میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان ملک، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے / کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا، ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور / ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر، ایم ڈی واسا غفران احمد اور دیگر متعلقہ افسروں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ’’لاہور ری ویمپنگ پلان‘‘ میں پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر شروع کئے گئے ری ویمپنگ پلان کے تحت بلدیہ عظمیٰ لاہور کی 188 اور واسا کی 207 سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ امید ہے کہ 25 اپریل تک ہر سکیم کی جی آئی ایس میپنگ مکمل ہو جائے گی۔

پی سی ون 10 روز میں مکمل کرلیا جائے اور ایک ماہ کے اندر سکیموں کی ٹینڈرنگ ہوگی جبکہ ڈپٹی کمشنر بطور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ لاہور نگرانی کریں گی۔ ذیشان رفیق نے زور دیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام متعلقہ اداروں کا ایک ڈیش بورڈ بنانے کی ہدایت کی ہے، اس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ری ویمپنگ مکمل ہونے پر لاہور میں چار پانچ سال تک کسی نئی ترقیاتی سکیم کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

اس موقع پر معاون خصوصی وزیراعلیٰ ذیشان ملک نے کہا کہ ہر علاقے کا ایم پی اے اپنے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کرے گا۔ سکیموں کی تکمیل کے بعد لاہور میں کوئی ٹوٹی گلی یا سڑک باقی نہیں رہے گی۔ زیادہ فوکس ماضی میں نظرانداز شدہ علاقوں پر ہوگا۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے محکمہ جنگلات اور پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ ری ویمپنگ پلان کے دوران شجرکاری اور اینٹی سموگ اقدامات کا خاص خیال رکھا جائے۔

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ ری ویمپنگ پلان کے دوران موثر مانیٹرنگ میکانزم کام کرے گا۔ ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے بتایا کہ پانچ روز میں ڈی ڈی ڈبلیو پی سے سکیموں کی منظوری لے لی جائے گی اور ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈیش بورڈ بھی قائم کر لیا جائے گا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر اور معاون خصوصی نے واسا کے دفاتر کا دورہ کیا اور صارفین کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے وزیر بلدیات کو شکایات ڈیسک اور مانیٹرنگ سیل کے امور پر پر بریفنگ دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں