سرکاری قیمتوں پر روٹی اور نان کی دستیابی کا مشن، وزیر خوراک سرگرم

مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر 13 افراد موقع سے گرفتار، پوائنٹس سیل

جمعرات 18 اپریل 2024 20:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق پنجاب کے عوام کو سستی روٹی فراہم کرنے کا مشن جاری ہے اور وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے جمعرات کے روز بھی لاہور کے مختلف علاقوں میں نوٹیفائیڈ ریٹ پر روٹی اور نان کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے دورے کیے۔ بلال یاسین نے ٹیمپل روڈ، کریم پارک اور ٹھوکر کے علاقوں میں نان روٹی کی دکانوں پر قیمتوں کا جائزہ لیا۔

اس دوران مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر 13 افراد موقع سے گرفتار کیے گئے اور مصنوعی مہنگائی کا باعث بننے والے پوائنٹس سیل کیے گئے۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی علاقے میں مہنگی روٹی اور نان کی فروخت قابلِ قبول نہیں ہے اور ہر حال میں روٹی 16 روپے اور نان 20 روپے میں دستیاب ہوگا۔

(جاری ہے)

بلال یاسین نے کہا کہ قیمتوں میں کمی سے قبل متعلقہ محکموں نے مکمل ورکنگ کی تھی اور کسی کے نقصان کی بجائے اس قیمت میں عوام کا فائدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کی دھمکیوں میں نہیں آئیں گے اور عوام کو سستی روٹی فراہم کر کے ہی دم لیں گے۔ بلال یاسین نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کا فائدہ مڈل مین کی بجائے عوام کو پہنچنا چاہیے یہی ہمارا مشن ہے۔ وزیر خوراک نے کہا کہ صبح شام فیلڈ میں نکل رہے ہیں اور 80 فیصد علاقوں میں سستی روٹی اور نان دستیاب ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ 100 فیصد عملدرآمد تک آپریشن جاری رہے گا۔

تاریخ میں پہلی بار آٹے کے تھیلے پر یکمشت 500 روپے کمی کی گئی ہے۔ وزیر خوراک پنجاب نے کہا کہ بازاروں میں واضح طور پر پرائس لسٹ آویزاں کروا رہے ہیں تاکہ عوام آگاہ رہیں اور کہیں بھی خلاف ورزی پر انتظامیہ کو مطلع کریں۔ بلال یاسین نے کہا کہ کسی پر جبر نہیں کر رہے بلکہ حکومت کا مشن عام آدمی کو ریلیف دینا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت روٹی نان بیچنے والے محنت کشوں کے خلاف نہیں ہے اور انکو ساتھ بٹھا کر تمام اعدادوشمار شئیر کیے ہیں۔ روٹی کی نوٹیفائیڈ قیمت پر فراہمی ہماری ذمہ داری ہے اور اسے ہر حال میں ادا کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں