پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس

جمعہ 19 اپریل 2024 15:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں فوجداری کیسز کی رپورٹس بروقت عدالت میں پیش کرنے سمیت دیگر مختلف امور کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے ۔ جمعہ کے روز اجلاس میں چالان رپورٹس بارے لاہور ہائیکورٹ لاہور کے احکامات پر ہر صورت عملدرآمد اور ایم ایل سی میں زخموں کے اعلان اور ڈاکٹ میں تاخیر ختم کر کہ چوٹ کی نوعیت کے متعلق جلد نتیجہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

اجلاس میں مقداری تشخیص، غیر فطری موت کی وجوہات کی وضاحت پر جلد فیصلہ اور کرائم سین پروٹیکشن رولز کا مسودہ جلد تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں مختلف سٹیک ہولڈرز کے ڈیجیٹل سسٹمز کا انضمام کرنے،اعداد و شمار کے فرق کے مسائل کو حل کرنے کے لیے نئے ٹیبز متعارف کروانے ،زیر سماعت کیسز کے قیدیوں کے چالان جلد جمع کرانے کیلئے اقدامات اور ڈسٹرکٹ جیلوں میں ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز کے باقاعدہ دورے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر، ڈی جی فرانزک سائنس ایجنسی ڈاکٹر محمد امجد، ایڈیشنل آئی جی محمد ادریس احمد ،ڈی آئی جی لیگل کامران عادل،سرجن میڈیکو لیگل پنجاب ڈاکٹر فرحت سلطانہ، ڈی جی پنجاب کریمنل پراسیکیوشن سروس اطہر مسعود، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی جمال احمد، ٹیکنیکل مینیجر ڈی این اے قاضی لئیق احمد سمیت دیگر افسران نے شرکت کی-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں