ڈیتھ اسکواڈز چلانے کا بھارتی وزیر دفاع کا اعتراف ،مودی حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے

منگل 23 اپریل 2024 20:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2024ء) قائمقام امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نصر اللہ گورائیہ نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اعتراف کہ'' بھارت غیر ملکی سرزمین پر اپنے ڈیتھ اسکواڈز چلاتا ہے۔ بھارت کا امن خراب کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گرد کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، وہ اگر پاکستان فرار ہوتا ہے تو اسے وہاں جا کر ماریں گی'' کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان دہشت گردی کو پروان چڑھاتا ہے، بھارتی وزیر دفاع کا اعترافی بیان خود بھارت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔

کلبھوشن نیٹ ورک اس کا واضح ثبوت ہے ۔ عالمی برادری اور ادارے اس کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی اخبار گارجین کے مطابق بھارتی حکومت نے 2020ء سے پاکستان میں کم از کم 20 افراد کو ماورائے عدالت قتل کرایا ہے۔

(جاری ہے)

مودی حکومت اپنے سیاسی فوائدکے لئے انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ذریعے سیاسی مخالفین کی امریکہ اور کینڈا سمیت دیگر ملکوں میں اجرتی قاتلوں کے ہاتھوں قتل کروانے کے گھناونے جرم میں ملوث ہے ۔

ہندوستان کی دہشت گردی کی کارروئیوں سے پاکستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ریاست عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔ عالمی طاقتیں دہشت گرد بھارتی ریاست کے خلاف سخت اقدامات کریں تاکہ نہ صرف اقلیتوں کو بھارتی ریاستی دہشت گردی سے بچایا جا سکے بلکہ تنازعہ کشمیر کے مستقل حل کو یقینی بنایا جا سکے۔

اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پورے کرتے ہوئے ہندوستانی حکومت کو اقوام متحدہ کے اعلانات کا احترام اور بھارت میں اقلیتوں کے قومی، نسلی، ثقافتی، مذہبی اور لسانی تشخص کے تحفظ پر عملدرآمد یقینی بنائے۔نصر اللہ گورائیہ نے مزید کہا کہ بھارت پر آر ایس ایس کے نظریے کی حکمرانی ، جس کے انتہا پسند نظریے میں مسلمانوں یا دیگر اقلیتوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔بھارت میں 1964 سے 2022 تک تقریباً 20,000 سے زائد مسلمانوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔21 اپریل 2022 میں ریاست حیدرآباد میں مسلمانوں کے 50 ہزار گھروں کو مسمار کر دیا گیا، 2023 میں بھارت کی 23 ریاستوں میں عیسائیوں کے خلاف 400 تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئیاور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں