۵پنجاب یونیورسٹی کے ایلومینائی علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو ستارہ امتیاز ملنے پر تقریب پذیرائی کا انعقاد

پیر 6 مئی 2024 17:30

[لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2024ء) پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیزکے زیراہتمام ایلومینائی علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو حکومت پاکستان کی طرف سے ستارہٴ امتیازملنے پر تقریب پذیرائی کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈین فیکلٹی آف علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی، ڈاکٹر سعید احمد ، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے جامعہ نعیمیہ کے سربراہ مولانا راغب حسین نعیمی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر راغب نعیمی کی خدمات کی پذیرائی ہم پر ایک قرض ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداروں میں سلجھائو کے لئے ڈاکٹر راغب نعیمی نے بہت وقت دیا جو قابل ستائش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر راغب نعیمی اور ان کے خاندان نے مسلمانوں میں اتحاد پیدا کرنے کے لئے قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر راغب نعیمی کی زندگی ہم سب کے لئے روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے پنجاب یونیورسٹی شعبہ علوم اسلامیہ سے پی ایچ ڈی کر رکھی ہے اور سینڈیکیٹ، سلیکشن بورڈسمیت کئی کمیٹیوں کے ممبر بھی ہیں۔ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ اپنی مادر علمی سے پذیرائی ملنابہت بڑے اعزازکی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نعیمیہ کی کامیابی کا سفر مولانا حسین نعیمی سے شروع ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ نعیمیہ کے قیام میں مولانا حسین نعیمی کا خون و پسینہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا حسین نعیمی و مولانا سرفراز نعیمی نے ظالم حکمرانوں کے سامنے آواز بلند کر کے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا حسین نعیمی و مولانا سرفراز نعیمی نے بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان کی دہشت گردی کے خلاف فتویٰ دینے پر مولانا سرفراز نعیمی کو شہیدکر دیا گیا۔

انہوں نے اپنے معاملات اعتدال و خلوص کے ساتھ نمٹانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نعیمیہ نے ایک ہزار سے زائد درس نظامی کے گریجوایٹس پیدا کئے ہیں جبکہ 15 مفتیان کرام جامعہ نعیمیہ سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نعیمیہ میں اعتدال کے راستے کو فروغ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز کا احسان ہے جس کے اساتذہ کی محنت کے باعث یہاں تک پہنچا۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی دین کے لئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تقریب پذیرائی کیلئے تعاون پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودکے شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اسلامک سٹڈیز کے سابق طالب علم کو ستارہ امتیاز ملنا ادارے کیلئے خوشی کی بات ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں