محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مشکلا ت سے نکالیں گے ،مسلم لیگ ن کے قائد کوپارٹی صدارت کی امانت واپس لوٹا رہا ہوں، شہبازشریف

ہفتہ 18 مئی 2024 23:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں ہم ملک کو مشکلا ت سے نکالیں گے ،سوائے فصلی بٹیروں کے کسی نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا ،مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کوپارٹی صدارت کی امانت واپس لوٹا رہا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں مسلم لیگ (ن)کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ آج میرے لئے بہت اطمینان کا دن ہے کہ وہ امانت جومیرے قائد اور آپ نے سونپی تھی میں ا للہ تعالی کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے مجھ نا چیز اور خطاکار انسان کو اللہ تعالی نے ہمت دی اور آپ کے بھرپور تعاون کے ساتھ میں نے یہ ذمہ داری ادا کی، اگر سو فیصد نہیں تو کافی حد تک آپ کے تعاون سے ذمہ داری ادا کر سکا اور آج میرے لئے اس سے بڑھ کوئی اور اطمینان کا اور قلبی سکون کا مرحلہ نہیں ہو سکتا کہ یہ امانت اپنے بڑے بھائی قائد مسلم لیگ ن کے قدموںمیں دوبارہ نچھاور کر رہا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ برتائو جو آپ کے ساتھ2018میں ہوا تھا وہ پہلی بار نہیں ہوا تھا، 1999 میں بھی ہوا تھا جب ہتھکڑیاں آپ کے ہاتھوں میں ڈالی گئیں اور مجھ جیسا چھوٹا بھائی یہ دلخراش منظر نہیں دیکھ سکتا تھا اورقیامت تک اس منظر کو نہیں بھول سکتا ۔انہوں نے کہا کہ آپ کی غیر موجودگی میں مرحومہ کلثوم نواز نے جس دلیری کے ساتھ تحریک چلائی اس کو سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں سلام پیش کرتا ہوں آپ سب کو جنہوںنے ان سخت ترین مرحلوںمیں نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا ، آپ نے ہر چیز کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور نواز شریف کے ساتھ ہر لمحے موجود رہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پارٹی کو صفر سے سو پر لے کر گئے،پوری قوم گواہ ہے کہ کس طریقے سے پارٹی کو شبانہ روز محنت سے کھڑا کیا ، مہران کی وادیاں ہوں ، چاہے وہ بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑ ہوں، پنجاب کے میدان ہوں یا خیبر پختوانخواہ کے برف پوش پہاڑ ہوں آپ نے دن رات ایک کی اور مسلم لیگ (ن)کو زندہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کے قریہ قریہ اور دیہات میں گئے ، نواز شریف نے مہران کی وادیوں میںپہلی مرتبہ بے گھر لوگوں کو ہزاروں ایکڑ زمینیں مالکان حقوق پر دی، پنجاب میں جب1985میں آپ نے اقتدار سنبھالا توترقیاتی سیاست کا نام کس نے متعارف کرایا اس سے پہلے صرف تقریریں تھیں ، ترقیاتی سیاست کا تعارف کرانے والا اگر پاکستان کی تاریخ میں شخص آیا ہے تو اس کا نام محمد نواز شریف ہے ،آپ کی خدمات قوم بھول نہیں سکتی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے انتہائی تحمل، برداشت، برد باری اور فراست کے ساتھ ان مشکلات کا سامنا کیااور پورے پاکستان میں مسلم لیگ ن کو گھر گھر متعارف کرایا ، آپ نے پورے پاکستان میں مسلم لیگ (ن ) کو مضبوط کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے پاکستان کے مفاد کو سامنے رکھ کر دلیرانہ فیصلے کئے جنہیں تاریخ کبھی نہیں بھلا سکے گی، میں اس بات کا گواہ ہوں کہا جارہا تھاکہ ایٹمی دھماکہ نہ کریں اور پانچ ارب ڈالر لے لیں آپ نے فیصلہ کیا کہ مجھے پاکستان کے عظیم تر مفاد کیلئے کوئی بھی قربانی دینا پڑی تو دوں گا اور پاکستان کوایٹمی طاقت بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر امن قائم کرنا میرا فرض ہے،فیصلہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف بھرپور کارروائی کرنی ہے اور پوری قوم نے دیکھا کہ نواز شریف کے دور میں افواج پاکستان کے ساتھ مل کرملک کے اندر دہشتگردی کا خاتمہ کیا اور تاریخ گواہ ہے کہ اس عظیم خدمت کو بھلا نہیں پائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے دورمیں کراچی کے اندر امن قائم کیا لیکن آپ کو اس کے نتیجے میں کیاملا دکھ ،تکالیف، ظلم و زیادتی اور غم، سب جانتے ہیں آپ اڈیالہ جیل میں تھے ،آپ کی اہلیہ لندن میں بستر مرگ پر تھیں اور آپ کو اطلاع نہیں دی گئی، آپ نے صبر و تحمل اور برداشت سے کام لیا اور اللہ کو یاد کیا اور یہ وہی کر سکتا ہے جس کے دل میں اللہ کا خوف ہو اور کوٹ کوٹ کر پاکستانیت بھری ہو۔

شہباز شریف نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ آپ نے کبھی پاکستان کے خلاف بات کرنا تو دور سوچا تک نہیں، یہ بات آپ کو ہمیشہ کے لئے امر کر جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 2013سے2018 تک قوم کو بجلی کے اندھیروں سے نکالا، آپ نے اپنی خدمت کا ریکارڈ محنت سے ثابت کر دیا، آپ چین سے پاکستان کیلئے سی پیک لے کر آئے، 33ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آپ لے کر آئے، برادر ممالک سے تعلقات مستحکم کئے، پوری قوم گواہ ہے کہ کس طرح اس کے بعد ایک ایسا شخص ملک پر مسلط کر دیا گیا کہ ا س نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ،خارجہ پالیسی اورترقی کا جنازہ نکال دیااور آج آپ نے میرے کاندھوں پر جو ذمہ داری ڈالی ہے ، آخری لمحوں تک میں نے اپنے قائد کی منت کی کہ آپ وزیر اعظم بنیں، میں ورکر بن کر آپ کے شانہ بشانہ کام کروں گا لیکن وہ نہیں مانے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا تھا، پاکستان کو صحیح معنوں میں ایشین ٹائیگر بنایا،آج پاکستان ایسے مقام پر کھڑا ہے اگر ہم سب نے مل کر کشتی کو منجدھار سے نکالنے کے لئے پوری کوشش نہ کی توآئندہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے نواز شریف یہ کام کر سکتے ہیں قوم کو اکٹھا یکجا آپ کر سکتے ہیں، اس سے بہتر موقع نہیں ہو سکتا کہ دکھی قوم کو آپ اکٹھا کریں اور اس قوم کو آگے لے کر چلیں ، میں دوسری جماعتوں سے کہوں گا کہ نواز شریف کے ساتھ مل کر اکٹھے ہوں اور اس قوم کے زخموں پر مرہم رکھیں، پاکستان صحیح معنوں میں قائد اعظم کا خواب تھا کہ اس کی تعبیر کے لئے اکٹھے ہو جائیں، دن رات پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے آپس میں جڑ جائیں ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ مشکل تو ضرور ہے نا ممکن نہیں ہے، اللہ تعالی نے چاہا تو آپ کی سربراہی میں یہ کام آگے بڑھائیں گے، مجھے کوئی عار نہیں، اللہ تعالی نے آپ کو وہ صلاحیتیں تجربہ اور حوصلہ دیا ہے ،آپ منجدھار سے گھبرائے نہیں، چین، سعودی عرب، قطر، یو اے ای، کویت اور دوسرے ممالک، امریکہ یورپ سب سے تعلقات بہتر بنانے میں آپ کا ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہے اور اسی کو ہم آگے لے کر چلیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں