گندم امپورٹ اسکینڈل میں انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں

بدھ 22 مئی 2024 22:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2024ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ گندم اسکینڈل پر نگران حکومت کو بری الذمہ قرار دینا اور سارا ملبہ چند سرکاری افسران پر ڈال کر معاملے کو دبانے کی کوشش ملک و قوم کے ساتھ کھناونا مذاق ہے ۔اصل ذمہ داران کو بچانے کے لئے پوری پی ڈی ایم کی حکومت متحرک ہو چکی ہے ۔

انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ باہر سے گندم امپورٹ کرنے والے اصل لوگوں کو بے نقاب کیا جائے ۔انکوائری کمیٹی کی رپورٹ ملک وقوم کے ساتھ بڑاظلم ہے۔جب تک کرپٹ حکمران موجود ہیں اس وقت تک ملک ترقی کر سکتا ہے اور نہ ہی عوام کی زندگی میں خوشحالی ممکن ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت اداروں کی نجکاری کے حوالے سے عجلت کا شکار ، جس سے شکوک و شہبات جنم لے رہے ہیں۔ کوئی بھی بڑی کمپنی پاکستان آنے کو تیار نہیں ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکومت میں شامل کچھ لوگ اپنے ذاتی مفادات کی خاطر اداروں کی اونے پونے فروخت چاہتے ہیں۔ حکمران درحقیقت اپنی نااہلیت کو چھپانے کے لئے قومی اداروں کی نجکاری کرنے چاہتے ہیں۔

ان کرپٹ اور نا اہل حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی ۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ٹو کے پاس کسی قسم کا کوئی معاشی پلان نہیں ہے ، عوام موجودہ حکمرانوں سے نالاں اور ان میں مایوسی کے بادل گہرے ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔ حالات کسی کی بھی سوچ سے زیادہ گھمبیر ہو چکے ہیں۔کرپشن کی داستانیں عام اور بحرانوں کا لامتناہی سلسلہ جاری ہے ۔ اندورنی خلفشار اورسیاسی عدم استحکام سے ملک دشمن قوتیں فائدہ اٹھاتیں ہیں۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ ماضی کے تلخ تجربات سے سبق حاصل نہیں کیا گیا۔ ملک و قوم کو اگر آگے لے کر جانا ہے تو محب وطن قیادت کی ضرورت ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک و قوم پر نا اہل او رکرپٹ ترین حکمران مسلط ہیں ، ان سے خیر کی توقع نہیں۔ آج پاکستان اور عوام جس نہج پر پہنچ چکے ہیں ان میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کا بنیادی کر دار ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں