نوجوت سنگھ سدھو نے بھارت میں ہونے والی تنقید کو مستردکردی،بھارت واپس چلے گئے

پاکستان میں بہت عزت ملی، عمران خان پرامن تعلقات چاہتے ہیں، بھارت بھی قدم بڑھائے ، پاکستانیوں نے جومحبت دی تاعمر یاد رہے گی، آئی پی ایل اور پی ایس ایل کے فاتح ٹیموں کے درمیان میچ ہوناچاہئے، امن کیلئے پاکستان اوربھارت کے درمیان میچزہونے چاہیں، سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کی غیر رسمی گفتگو

اتوار 19 اگست 2018 15:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اگست2018ء) سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے خود پر بھارت میں ہونے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بہت عزت ملی، آئی پی ایل اور پی ایس ایل کے فاتح ٹیموں کے درمیان میچ ہوناچاہئے، امن کیلئے پاکستان اوربھارت کے درمیان میچزہونے چاہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے سابق بھارتی کرکٹر اورممبرپارلیمنٹ نوجوت سنگھ سدھو امن اورمحبت کا پیغام دے کر بھارت واپس لوٹ گئے۔

نوجوت سنگھ سدھو تین روزہ دورے پرپاکستان آئے تھے۔ بھارت روانگی سے قبل انہوں نے لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما چوہدری سرورسے ملاقات کی اوردونوں کے درمیان پاک بھارت تعلقات پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

نوجوت سنگھ سدھو نے ٹکسالی مارکیٹ سے دیسی چپلیں خریدیں جس کے بعد وہ واہگہ بارڈرکے راستے واپس بھارت لوٹ گئے۔اسلام آباد سے روانہ ہوتے وقت نوجوت سنگھ سدھو نے بھارت میں ہونے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں بہت عزت ملی، عمران خان پرامن تعلقات چاہتے ہیں، بھارت بھی قدم بڑھائے۔

سدھو نے کہا یہاں سے پیار اورعزت لے کر جارہاہوں، پیارسے مالامال محسوس کررہاہوں، پاکستانیوں نے جومحبت دی تاعمر یاد رہے گی، ریگستان کی مٹی پربارش پڑنے سے سوندھی خوشبو آنا اچھا شگن ہے، اچھی شروعات کرکے جارہے ہیں۔سینیٹر فیصل جاوید خان نے سدھو سے کہا پاک بھارت کرکٹ میچ ہونا چاہیے، جس پر انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا بھارت جا کر پاک بھارت کرکٹ میچ کا آئیڈیا پیش کروں گا، آئی پی ایل اور پی ایس ایل کے ونر کے درمیان میچ اچھا آئیڈیا ہے، فانڈیشن بنا کر اس امید سے جارہے ہیں کہ کوئی اس پرعمارت کھڑی کردے۔

واضح رہے کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے دوران نوجوت سنگھ سدھو کو خصوصی اہمیت دی گئی اور انہیں اگلی صف میں بٹھایا گیا، جہاں ان کے برابر میں صدرآزاد کشمیر مسعود خان موجود تھے جبکہ انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی اوربغلگیر ہوئے۔بھارتی میڈیا کو نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان میں ملنے والی پزیرائی ایک آنکھ نہ بھائی، بھارتی میڈیا نے سدھو کو غدار قرار دے دیا جب کہ ان کے خلاف بھارت میں مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں اور ان کے پتلے بھی نظر آتش کیے گئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں