لاڑکانہ یونیورسٹی کے قیام کی خوشی میں سندھ یونیورسٹی کیمپس لاڑکانہ میں تقریب کا انعقاد

جمعہ 25 اگست 2023 23:06

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2023ء) لاڑکانہ یونیورسٹی کے قیام کی خوشی میں سندھ یونیورسٹی کیمپس لاڑکانہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا،کیمپس کے اساتذہ، طلباء، ملازمین ،اعلیٰ تعلیمی اداروں کے سربراہان اور دیگر افراد نے بھرپور شرکت کی۔مقررین نے کہا کہ لاڑکانہ کے عوام کے لیئے یہ ایک تحفہ ہے، انتظامیہ اہم معاملات کو فوری طور پر حل کرے تاکہ لاڑکانہ شہر اور گردونواح کے نوجوان آگے آکر اپنا مستقبل سنوار سکیں۔

اس سلسلے میں سندھ یونیورسٹی کیمپس لاڑکانہ کے پی آر او عاطف رفیق سموں کے بیان کے مطابق لاڑکانہ میں جنرل یونیورسٹی کے قیام کی خوشی میں سندھ یونیورسٹی کیمپس لاڑکانہ کے آڈیٹوریم ہال میں ایک شاندار تقریب زیرصدارت پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اظہر علی شاہ منعقد کی گئی جس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو ایگریکلچر کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سلطان میتلو، شہید بے نظیر بھٹو لاء کالج لاڑکانہ کے پرنسپل ایڈووکیٹ شاہد حسین قریشی، ڈاکٹر ذوالفقار علی عباسی، ڈاکٹر سکندر مغل، ڈاکٹر ذوالفقار راہوجو، عاشق نظامانی، سکندر کلہوڑو، سلیم رضا کنبھر، ایڈووکیٹ عبدانبی ساریو، پروفیسر جام جمالی، ڈاکٹر ندیم کناسرو، ڈاکٹر ایاز میتلو، حسین علی کنبھر، حنا شاہ، عبدالرسول لغاری، اظہر کلہوڑو، اسٹوڈنٹ لیڈرز سوسائٹی کے منتخب صدر عبداللہ تنیو، یاسین میمن، کبیر بھٹو، کلثوم عباسی، شہزاد جوکیو اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اظہر علی شاہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے لاڑکانہ یونیورسٹی کے قیام کا عمل قابل تعریف ہے،اسے جلد بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملے گی اور اس سلسلے میں وہاں پر حکومت کے ساتھ تمام لوگوں کے مشترکہ تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کے ذریعے تمام مضامین کی اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کو لوگوں تک پہنچانے کا خواب پورا ہوا ہے اور امید ہے کہ ملک اور بین الاقوامی سطح پر لاڑکانہ یونیورسٹی نہ صرف اس خطے بلکہ پوری انسانیت کی امن،ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

اس سے پہلے لاڑکانہ یونیورسٹی کے قیام کی تقریبات کا آغاز کیک کاٹ کر کیا گیا جس کے بعد سندھ کے معروف گلوکار عاشق نظامانی نے سندھی گانا ‘‘ہو جمالو’’ گایا جس پر طلباء نے خوب رقص کرکے خوشی کا اظہار کیا۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں