ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کی زیرصدارت اجلاس،ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی کے انتظامات کا جائزہ

پیر 25 مارچ 2024 22:51

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ شرجیل نور چنا کی زیر صدارت دربار ہال میں تمام محکموں کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کو آئین دینے اور ایٹمی طاقت بنانے والے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 04 اپریل 2024 پر ہونے والی 45 ویں برسی منانے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ واک تھرو گیٹ نصب کریں اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اور اس کے ساتھ ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر اور موثر بنایا جائے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ برسی میں ملک کے کونے کونے سے شرکت کرنے والے لوگوں کے لیے ضلع بھر میں صفائی اور لائٹنگ، گڑھی خدابخش بھٹو جانے والی سڑکوں پر سائن روشنی کے علاوہ سائن بورڈ لگائے جائیں تاکہ برسی میں آنے والے لوگوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف محسوس نہ کریں اور افسران دی گئی ذمہ دارایاں خوش اصلوبی سے نبھائیں تاکہ برسی میں شریک لوگوں کو کسی قسم کی تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس موقع پر انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ برسی کے موقع پر گڑھی خدابخش بھٹو جانے وا لے راستوں پر میڈیکل کیمپس قائم کیے جائیں۔

(جاری ہے)

جبکہ ہسپتالوں، بیسک ہیلتھ یونٹس اور ڈسپنسریوں کو 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے جہاں ماہر ڈاکٹرز اور دیگر عملہ اور ادویات بھی رکھی جائیں، انہوں نے سیپکو افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ برسی کے موقع پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کریں اور سٹینڈ بائی جنریٹرز کی موجودگی کو یقینی بنائیں اور سوئی گیس افسران کو بھی ہدایت کی کہ اگر کہیں گیس کی لیکیج ہے تو فوری طور پر بند کیا جائے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے لوکل گورنمنٹ کے افسران کو ہدایت کہ کہ وہ گڑھی خدابخش بھٹو سمیت پورے ضلع میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کو پینے کے پانی کی ذمہ داری دی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی لاڑکانہ میر روحل کھوسو نے کہا کہ سیکورٹی کے پہلے سے زیادہ انتظامات کیے جائیں گے اور ٹریفک کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا تاکہ کسی کو تکلیف نہ ہو، اجلاس میں تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں