لسبیلہ میں مون سون کی بارشوں کے بعد مختلف علاقوں حب، وندر ، بیلہ ،لاکھڑا میں موسلادھار بارشوں نے شہروں کو جل تھل کردیا

جمعہ 7 اگست 2020 21:35

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2020ء) لسبیلہ میں گزشتہ شب و روز سے جاری مون سون کی بارشوں کے بعد ضلعی صدر مقام اوتھل سمیت لسبیلہ کے مختلف علاقوں حب، وندر ، بیلہ ،لاکھڑا میں موسلادھار بارشوں نے شہروں کو جل تھل کردیا، لسبیلہ کے پہاڑی سلسلوں کنراج،دریجی اور شاہ نورانی میں بھی شدید بارشوں کے بعد اوتھل,حب،وندر اور بیلہ سے گزرنے والے برساتی ندی، نالوں میں بھی طغیانی کی اطلاعات ہیں.حب کے قریب کے بند مراد کے مقام پر دو افراد برساتی نالے کے پانی میں پھنس گئے تھے جسے پولیس اور مقامی لوگوں نے بحفاظت ریسکیو کرلیا۔

دوسری جانب مون سون "رین الرٹ" کے باعث ڈپٹی کمشنر لسبیلہ ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کی ہدایت پر ضلعی صدر مقام اوتھل سمیت ضلع لسبیلہ کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلدارز اور ایس ایچ اوز کی نگرانی میں پولیس اور لیویز اہلکاروں سمیت ایدھی بلوچستان کے انچارج ڈاکٹر حکیم لاسی کی نگرانی میں ایدھی رضاکار بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیئے چوکس ہیں.اس سلسلے میں آج ڈپٹی کمشنر لسبیلہ ڈاکٹرحسن وقار چیمہ نے تحصیلدار اوتھل ڈاکٹر عبدالسلام پیچوہو کے ہمراہ اوتھل کے برساتی نالوں کا بنفس نفیس معائینہ کیا اور الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب گزشتہ شب سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد اوتھل بازار سمیت مختلف نشیبی علاقے بارش کے پانی سے زیرآب آگئے تاہم چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اوتھل محمد خان دودا کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی اوتھل کے عملے نے ہنگامی بنیادوں پر برساتی پانی رات ہی سے نکالنے کا عمل شروع کردیا .جب کہ بیلہ، حب، وندر میں بھی نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔کئی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث کچے مکانات کو نقصان پہنچا۔جب کہ حب کے علاقے جام کالونی میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور لوگوں نے نقل مکانی کرکے اپنا سامان اور جانیں بچائیں۔ضلع بھر میں انتظامیہ کے بروقت الرٹ کے باعث جانی و مالی نقصان جس کا اندیشہ تھا سے لوگ محفوظ رہے۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں