ملاکنڈ، چاند رات اور عید الفطر کے موقع پرہوائی فائرنگ، آتش بازی پر پابندی عائد

بدھ 20 مئی 2020 19:09

ملاکنڈ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2020ء) پوسٹ کمانڈر سخاکوٹ غفور خان نے کہا ہے کہ ضلع ملاکنڈ میں چاند رات اور عید الفطر کے موقع پرہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر دفعہ 144کے تحت پابندی لگائی ہے اس لئے چاند رات پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی سے گریز کیا بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی ۔

عوام کے جان و مال کی تحفظ ہماری اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کرینگے اور ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ ریحان گل خٹک اور اسسٹنٹ کمشنر درگئی کے خصوصی ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر کسی قسم کی ہوائی فائرنگ یا آتش بازی کی اجازت نہیں دی جائیگی جس کے لئے لیویز اہلکار چوکس رہیں کیونکہ ہوائی فائرنگ کی چند لمحوں کی خوشی کسی کی قیمتی جان لیکر عمر بھرکی خوشیوں کو غم میں بدل سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ فضل سبحان شہید سخاکوٹ میں سینئر محرران اور لیویز اہلکاروںاور معززین علاقہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلا س میں سابقہ ناظمین فریداللہ ،حاجی اعظم خان جھاڑے،سابق تحصیل کونسل ممبر رشید حسن ،ساجد حسین مشوانی،علی رحمن،فضل رحیم،فضل مغنی، ظاہرشاہ ، طاہراکبر،معززین علاقہ ماسٹرحق نواز ،حاجی لیاقت خان ،ظہورخان ، عنایت خان، باچہ اسلام عرف گوجر، ایوب خان ،بادشاہ اسلام اورٹریڈیونین عہدادارن صدرحمیدخان لالا ، مولانا شمس الحق اورنور محمدسمیت دیگر نے شرکت کی اور انتظامیہ کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔

اس دوران عید الفطر کے حوالہ سے کئے گئے انتظامات کا جائز ہ لیا گیا ۔ پوسٹ کمانڈ ر غفور خان نے کہا کہ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ عید کے موقع پر اپنے گھروں اور حجروں کوخالی نہ چھوڑیں اور جرائم کے خاتمے کے لئے انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں تاکہ چور ی اور ڈکیتی سمیت دیگر غیر قانونی واقعات کا خدشہ نہ ہوں اور شریف شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔

مالاکنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں