پاکستان سمیت پوری دنیا میں کورونا کی وباء کے باعث چند ماہ بڑے مشکل گذرے ہیں، اب صورتحال بہتر ہو رہی ہے

22 کروڑ کے فنڈ سے اوگی بٹل سڑک کی تعمیر نو کا کام شروع ہے، جو سیاسی مخالفین 35 سالوں میں نہیں بنا سکے، نوابزادہ فرید

ہفتہ 19 ستمبر 2020 12:30

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2020ء) چیئرمین ڈیڈک کمیٹی مانسہرہ نوابزادہ فرید نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں کورونا کی وباء کے باعث چند ماہ بڑے مشکل گذرے ہیں، ہمارا ترقیاتی عمل بھی متاثر ہوا ہے، ترقیاتی فنڈ پر کٹ بھی لگا جس کی وجہ سے سیاسی مخالفین کو ان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کا موقع ملا اور انہوں نے خوب تنقید کی۔

وہ ہفتہ کو 20 لاکھ روپے کی لاگت سے سلابٹ سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اوگی بٹل سڑک ان کیلئے سب سے بڑا ایشو بن گئی تھی، پراپیگنڈہ کرنے والے ان کے مخالف بھی اسی روڈ پر رہتے ہیں جن کا کام کرپشن کرنا تھا، ان سے الیکشن ہارنے پر اب منفی پراپیگنڈہ کے سوا ان کے پاس کچھ نہیں بچا ہے۔ نوابزادہ فرید نے کہا کہ خدا کے فضل سے 22 کروڑ روپے کے فنڈ سے اوگی بٹل سڑک کی تعمیر نو کا کام شروع ہے، جو سیاسی مخالفین 35 سالوں میں ایم پی اے اور سینیٹر رہ کر کے بھی یہ سڑک نہیں بنا سکے اور ہمیں طعنے دیتے ہیں، یہ سڑک ان کے منہ پر طمانچہ ہے، اس وقت تورغر میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے، کرپشن اور کمیشن کی سیاست کرنے والوں کا تورغر سے بھی ضرور صفایا ہو گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق تحصیل نائب ناظم اوگی حافظ محمد یونس، حبیب بسی خیل، صادق تنولی، حاجی عرفان، قاری محمد نواز، ملک رفیق اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔ نوابزادہ فرید نے کہا کہ حلقہ کے اندر کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں