کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی مردان اور صوابی کی انتظامیہ کو رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت

بدھ 6 مارچ 2024 20:35

dپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2024ء) کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے مردان اور صوابی کی انتظامیہ کو رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مردان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اس حوالے انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔

انہوں نے تاجروں سے کہا کہ عوام کو اشیائے خوردونوش کی مناسب داموں فراہمی کو یقینی بنائیں اور رمضان المبارک کے تقدس کو مد نظر رکھتے ہوئے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مردان محمد فیاض خان شیرپاؤ، پریس کلب کے صدر ایم بشیر عادل، تاجر رہنماؤں احسان باچہ، وقار باچہ، عبدالزر لالی، چیمبر آف کامرس کے نائب صدر محمد امین اتمان خیل، فلور ملز ایسوسی ایشن کے نائب صدر عابد ایپکا کے مرکزی جنرل سیکرٹری اورنگزیب کشمیری کے علاوہ محکمہ خوراک، ڈائریکٹر لائیوسٹاک مثل خان، یوٹیلٹی سٹورز کے ریجنل منیجر علی باچہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی صوابی ڈاکٹر طارق اللہ نے زوم پر اجلاس میں شرکت کی۔ انتظامی افسران نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں اضلاع میں صوبائی حکومت کی ہدایت پر پرائس کمیٹیوں کے اجلاسوں میں اشیائے ضروریہ کے نرخ مقرر کر دئیے گئے ہیں جبکہ رمضان میں خصوصی سستا بازار بھی قائم کیے جا رہے ہیں جن میں عوام کو اشیائے خورد و نوش مارکیٹ سے سستے داموں فراہم کیے جائیں گے۔ جبکہ تحصیل لیول پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی مانیٹرنگ ڈیسک بھی کام کریں گے۔ کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ رمضان المبارک کے مہینے میں روزہ داروں کو سستے داموں اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائیں۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں