حکومت نے پولیتھین بیگز کی روک تھام کے لیے باقاعدہ قانون بنا دیا ہے تاہم انتظامیہ اس قانون کو نافذ کرنے میں ناکام رہی , شوکت علی

جمعہ 22 مارچ 2024 22:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2024ء) کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی نے انتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ سکولوں اور ہسپتالوں کی کارکردگی جانچنے کے ساتھ ساتھ دیگر سرکاری اداروں اور دفاتر کی کارکردگی پر بھی کڑی نظر رکھیں اور اپنے مسائل کے حل کے لیے سرکاری دفاتر میں آنے والے عام شہریوں کی داد رسی ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔

وہ اپنے دفتر میں ماہانہ ریوینیو اور کارکردگی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر نعیم اختر، ڈپٹی کمشنر صوابی ڈاکٹر طارق اللہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مردان سعید اللہ جان، صوابی کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز انجینئر شاہ زیب اور گوہرعلی کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنروں، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنروں اور تحصیل میونسپل افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مردان اور صوابی میں تعینات افسران کی کارکردگی، سرکاری محصولات کی وصولی اور عدالتی کیسز اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کمشنر مردان شوکت علی یوسف زئی نے پولتھین بیگز کے حوالے سے انتظامی افسران کی کارکردگی کومایوس کن قرار دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ پولیتھین بیگز کے خلاف اپنے کارکردگی کو بہتر بنائیں اور اس کے کاروبار کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیتھین بیگز کا استعمال ماحول کی خرابی اور سیوریج کی بندش کی بنیادی وجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پولیتھین بیگز کی روک تھام کے لیے باقاعدہ قانون بنا دیا ہے تاہم انتظامیہ اس قانون کو نافذ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشنر مردان نے ٹی ایم اوز کو بھی اس حوالے سے سرگرم ہونے اور اپنا کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے مردان اور صوابی میں ناجائز تجاوزات کے خلاف خصوصی مہم چلانے اور غیر قانونی اڈوں کے خلاف بھی کاروائی کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں