فارمرزایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس، کپاس کے کاشتکاروں کے لیے 15روزہ سفارشات جاری

بدھ 17 اپریل 2024 17:04

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) ڈائریکٹر سینٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ(سی سی آر آئی) ملتان کی زیر صدارت فارمرزایڈوائزری کمیٹی کا تیسرا 15روزہ اجلاس سی سی آر آئی ملتان میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی وتربیت کے لئے کپاس کی کاشت ونگہداشت سے متعلق آئندہ 15 روزہ سفارشات30اپریل تک کے لئے پیش کی گئیں۔

فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ کاشتکاربارشوں کے بعد کپاس کی جڑی بوٹیوں کے تدارک کوبروقت یقینی بنائیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کاشتکار گندم کی کٹائی کے بعد ناڑ کو آگ نہ لگائیں بلکہ زمین کی زرخیزی بڑھانے کے لئے گندم کی ناڑ کو زمین میں دبا دیں۔گلنے سڑنے کے عمل کو تیز کرنے کے لئے کاشتکار آدھی بوری یوریا استعمال کریں اور زمین کو پانی لگا دیں۔

(جاری ہے)

کاشتکار کپاس کی بجائی میں ہرگز تاخیر نہ کریں،زمین کی دستیابی کی صورت میں جلد بجائی کا عمل مکمل کریں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کپاس کی کاشت سے قبل زمین اور پانی کا تجزیہ لازمی کرائیں اور تجزیاتی رپورٹ کے مطابق سفارش کردہ کھادوں کاا ستعمال یقینی بنائیں۔ٹیوب ویل کا پانی کھارا ہونے کی صورت میں کاشتکار اس میں جپسم کا استعمال کریں۔اگر زمین کمزور ہے تو اس میں 10ٹرالی گلی سڑی کھاد فی ایکڑ کے حساب سے ڈالیں۔

بارشوں کے بعد اگر فصل پیلے پن کا شکار ہے تو کاشتکارآدھی بوری یوریا فی ایکٹر کے حساب سے بذریعہ آب پاشی دیں یا1فیصد یوریا کا محلول بنا کر سپرے کریں۔اجلا س میں بتایا گیا کہ اگیتی کاشتہ کپاس کی صورت میں 25تا30دن بعد چھد رائی کاعمل مکمل کرلیاجائے۔ دوران چھدارئی کمزور،بیمار اور متاثرہ پودوں کو الگ کر لیا جائے۔کاشتکار بیماریوں سے پاک صحت مند بیج کاشت کریں اور کاشت سے پہلے اس کا اگاؤ ضرور معلوم کریں ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کپاس کے کاشتکار صرف منظور شدہ کپاس کی اقسام ہی کاشت کریں اور بیج ہمیشہ مستند ڈیلر اور رجسٹرڈ کمپنی سے ہی لیا جائے۔ ریتلی زمین میں کاشت کی صورت میں بر دار بیج استعمال کریں۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں