ملتان شہر کی ترقی،امن وامان کو قائم رکھنے کیلئے ڈویژنل انتظامیہ و پولیس کا باہمی تعاون ناگزیر ہے، سیکرٹری داخلہ کا اجلاس سے خطاب

منگل 30 اپریل 2024 14:23

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے کہا ہے کہ ملتان شہر کی ترقی، امن و امان کو قائم رکھنے کیلئے ڈویژنل انتظامیہ و پولیس کا باہمی تعاون ناگزیر ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے کمشنر ملتان کے آفس میں امن وامان کی صورتحال کاجائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں کمشنر ملتان مریم خان، آرپی او کیپٹن(ر)سہیل چوہدری سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران موجودتھے۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب نے قیام امن کیلئے اسلحہ کی نمائش پر سخت پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنرملتان مریم خان نے کہاکہ ملتان شہر سمیت ڈویژن بھر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب کی ہدایت پر منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

مریم خان نے کہا کہ ڈرگ ری ہیبلی ٹیشن سنٹر میں مقیم افراد کے لئے ووکیشنل ٹریننگ کیا اہتمام کیا گیا ہے۔ کورس مکمل ہونے ہے بعد ٹیوٹا ان افراد کو سرٹیفکیٹ بھی جاری کرے گا۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن(ر)سہیل چوہدری نے کہا کہ ڈویژن میں پولیس نفری کی تعداد10ہزار504 ہے جبکہ تھانوں کی تعداد 82ہے۔انہوں نے بتایاکہ ڈویژن میں امن وامان کی صورتحال بہترہے۔

اس کے علاوہ ڈویژن میں چار تحفظ مراکز قائم ہیں جہاں 2598شہریوں کو ریلیف دیاگیا۔ آرپی او نے کہاکہ تھانوں میں جدید سسٹم اورمفاہمتی کلچر لاگوہے جبکہ شکایات پر فوری ایکشن لیا جاتاہے۔انہوں نے کہاکہ تھانوں کی اپ گریڈیشن کا مقصد شہریوں کے تحفظ کے لئے پولیس کے رویہ اور کلچر تبدیل کرنا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کا تھانوں میں جاکر خود کو محفوظ سمجھنا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔سی پی اوملتان صادق علی ڈوگر نے بتایا کہ ڈرگ ری ہیبلی ٹیشن سنٹر میں مریضوں کو بحالی کے عمل کے دوران سخت سکیورٹی میں رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشرے سے منشیات کا خاتمہ اور حوصلہ شکنی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں