جامعات کے وائس چانسلرز تعلیمی معیار کی بہتری ،ذیلی کیمپس بنا کرطلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم تک رسائی دیں،صدر سردار مسعود خان

ہفتہ 1 فروری 2020 23:36

مظفر آباد ۔ یکم فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2020ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے آزادکشمیر کے سرکاری شعبہ میں قائم جامعات کے وائس چانسلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ تعلیمی معیار کی بہتری اور ریاست کے مختلف علاقوں میںذیلی کیمپس بنا کرطلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی سہولتوں تک رسائی کو یقینی بنائیں۔ جموں وکشمیر ہائوس اسلام آباد میں آزادجموں وکشمیر کی تمام پانچ جامعات کے وائس چانسلرز کی کانفرنس سے ان جامعات کے چانسلر کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم ریاست کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

کانفرنس میں آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی، یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان، میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میرپور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مقصود احمد ، یونیورسٹی آف کوٹلی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید دلنواز احمد گردیزی کے علاوہ سیکرٹری صدارتی امور ڈاکٹر محمد ادریس عباسی نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

جامعات کے وائس چانسلرز نے صدر آزادکشمیر کو گلگت بلتستان کے طلبہ کے لئے مختص نشستوں میں اضافے کے حوالے سے آگاہ کیا جبکہ صدر ریاست کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف کوٹلی نے گلگت بلتستان کے طلبہ کے لئے مختص نشستوں میں تمام تعلیمی شعبہ جات میں تین گنا اضافہ کر دیا ہے۔ اسی طرح یونیورسٹی آف پونچھ، میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میرپور اور آزاد جموں وکشمیر مظفرآباد نے بھی گلگت بلتستان کے طلبہ کے لئے مختص نشستوں میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا ہے۔

وائس چانسلرز نے بتایا کہ یہ اضافہ جامعات کے اندر پڑھائے جانے والے تمام پروگرامات میں داخلہ کے خواہشمند طلبہ کے لئے ہے۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان کے طلبہ کے لئے آزادکشمیر میں اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں نشستوں میں اضافہ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان کی ہدایت پر کیا گیا جن سے اس اضافہ کے لئے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے صدر آزادکشمیر کے گلگت بلتستان کے دورے کے موقع پر درخواست کی تھی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام مشترکہ کلچر ، تاریخ اور جغرافیائی قربتوں کے رشتوں میں منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت گلگت بلتستان کے طلبہ کو تعلیم کے حصول کے لئے ہر قسم کی سہولتیں مہیا کرنے کے لئے تیار ہے اور ددنوں خطوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے کئی اور اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔

یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان نے صدر ریاست کو بتایا کہ یونیورسٹی آف پونچھ کا شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کو حال ہی میں پاکستان انجینئرنگ کونسل نے دوسرے درجے کا شعبہ قرار دیا ہے ۔ صدر آزادکشمیر نے میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مقصود احمد کو جامعہ کا پانچواں کانووکیشن کامیابی اور شایان شان طریقے سے منعقد کرنے پر مبارکباد دی۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں