پاکستان پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگا دیا

آزاد کشمیر انتخابات میں منظم طریقے سے دھاندلی ہو رہی ہے ، الیکشن کمیشن حکومتی دھاندلی کو روکے اور شفافیت کو یقینی بنائے۔ پیپلز پارٹی رہنما شیری رحمان کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 جولائی 2021 11:56

پاکستان پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگا دیا
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جولائی2021ء)  پاکستان پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی رہنما شیری رحمان نے الزام عائد کیا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں منظم طریقے سے دھاندلی ہو رہی ہے ، الیکشن کمیشن حکومتی دھاندلی کو روکے اور شفافیت کو یقینی بنائے۔ اس ضمن میں جاری کردہ اپنے بیان میں اُنہوں نے کہا کہ کئی پولنگ اسٹیشنز کی ووٹر زفہرستوں میں واضح فرق ہے ، فوارہ چوک پولنگ اسٹیشن پر پولیس نے پیپلز پارٹی کا کیمپ اکھاڑ دیا جب کہ کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی گاڑی پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے فائرنگ کی۔

دوسری طرف آزاد کشمیر الیکشن میں بد نظمی اور تصادم کے نتیجے میں اب تک ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، الیکشن میں بد نظمی کے متعدد واقعات پیش آئے جن کی شکایت الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرا دی گئی ، کوٹلی کے حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی میں پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا جہاں تصادم دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان ہوا جس کے بعد پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کوٹلی میں پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری یاسین کی گاڑی پر بھی حملہ ہوا ، اس ضمن میں پیپلزپارٹی نے الزام لگایا ہے کہ چوہدری یاسین کی گاڑی پر حملہ پی ٹی آئی کارکنوں نے کیا ، فائرنگ سے گاڑی بری طرح متاثر ہوگئی تاہم چوہدری یسین بال بال بچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ حلقہ ایل اے 44 میں پولنگ اسٹیشن 20 حیدر امین شہید ماڈل اسکول کے قریب واقع پاکستان پیپلزپارٹی کا پولنگ کیمپ اکھاڑ دیا گیا ، مبینہ طور پر پولیس کی مدد سے پی ٹی آئی کارکنان نے اکھاڑا جوکہ 400 میٹر کے فاصلے پر تھا جب کہ پی ٹی آئی کا 200 میٹر کے فاصلے پر واقع کیمپ برقرار رہا۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کے لیے پولنگ شروع ہوگئی، پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ، الیکشن میں 32 لاکھ 20 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ، پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی ، آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں پر آج انتخابات کا انعقاد ہونے جارہا ہے جس کے لیے پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے جہاں آزاد کشمیر کی قانون سازاسمبلی کی 45 نشستوں پر 724 امیدوار مدمقابل ہیں ، اس سلسلے میں 33 نشستوں پر آزاد کشمیر میں ہی پولنگ ہوگی جب کہ دیگر 12 نشستوں پر مہاجرین کے کوٹے پر پاکستان کے دیگر صوبوں میں مقیم کشمیری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں