چیف سیکرٹری آزادکشمیر کی زیر صدارت اجلاس،کرونا کی روک تھام ، حکومتی اقدامات پر عملدرآمد اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے پر تبادلہ خیال

منگل 7 اپریل 2020 17:25

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرمطہر نیاز رانا کی زیر صدارت آزادکشمیر کرونا وائرس کی روک تھام ، حکومتی اقدامات پر عملدرآمد اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی، پرنسپل سیکرٹری راجہ امجد پرویز، آئی جی پولیس صلاح الدین محسود،سیکرٹری صحت میجر جنرل طاہر سردار،سیکرٹری مالیات عصمت اللہ خان، سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد، سیکرٹری صنعت و حرفت خواجہ احسن ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی اعجاز احمد خان، سیکرٹری خوراک سید ظہور الحسن گیلانی، سیکرٹری ایس ڈی ایم اے شاہد محی الدین قادری، سیکرٹری مذہبی امورسردار جاوید ایوب ودیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کرونا وائر س کی روک تھام اور عوام کے تحفظ کیلئے لاک ڈائون کو مزید سخت کیا جائیگا ۔ اس وقت تک جتنے بھی لوگ بیرون ممالک سے آئے ہیں ان کو قرنطینہ میں رکھا جائے گااورایسے لوگوں سے اپیل کی گئی وہ رضاکارانہ طور پر قرنطینہ میں چلے جائیں ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزادکشمیر میں کرونا وائرس سے متاثرہ18افراد سے ہیلتھ کمیٹیاں چھان بین کریں گی کہ وہ کن کن افرا دسے ملے ہیں تاکہ ان کے بھی ٹیسٹ لیے جائیں اور قرنطینہ میں رکھا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ شادی اور جنازہ اور دیگر تقریبات میں اجتماعات کو کنٹرول کرنے کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں گے ۔ ویلج کمیٹیوں اور ہیلتھ کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ باہر سے آنے والے افراد کی بروقت نشاندہی کریں۔اجلاس میں عوام سے اپیل کی گئی کہ اپنے اور اپنے گھر والوں کی حفاظت کیلئے اپنی مصروفیات محدود کردیں اور سوشل ڈسٹنس رکھیں۔

اجلاس میں غذائی ضروریات کے حوالہ سے سیکرٹری خوراک نے رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے سیکرٹری خوراک اور سیکرٹری انڈسٹریز کو روزانہ کی بنیاد پر غذائی ضروریات کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مظفرآباد ، میرپور اور راولاکوٹ میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ لینے کیلئے لیبارٹریز قائم کر دی گئی ہیں جو کام کررہی ہیں ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت تک 25ہزار730افراد بیرون ممالک سے آزادکشمیر میں آئے ہیں ۔ ابھی تک لوکل گورنمنٹ کے تحت آزادکشمیر بھر میں1795ویلج کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں جو گھر گھر جا کر سروے کررہی ہیں جبکہ اسی طرح ہیلتھ کمیٹیاں بھی کام کررہی ہیں ۔ ان کمیٹیوں کا بیرون ممالک سے آنے والی19ہزار سے زائد افراد سے رابطہ ہوا ہے جن میں سی18ہزار950افراد کو ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جبکہ142افراد کو گورنمنٹ کی جانب سے بنائے گئے قرنطینہ سینٹرز میں رکھا گیا ہے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا نے عوام الناس سے کہا کہ کرونا سے بچائو کیلئے حکومت کا ساتھ دیں اور انتظامیہ ، صحت عامہ اور لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر متعلقہ اداروں سے تعاون کریں ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جس کیلئے اقدامات کیے ہیں ۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ لاک ڈائون کی مکمل پابندی کریں اور اپنی اور اپنے عزیزوں کے تحفظ کیلئے اپنے آپ کو گھروں میں محدود رکھیں۔ کرونا سے بچنے کا واحد طریقہ احتیاط ہے ، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کریں۔ انہوں نے کہاکہ کرونا کے خلاف بہترین آگاہی مہم چلانے پر میڈیا کا شکرگزارہوں۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں