اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جو اخوت،یکجہتی،محبت،بھائی چارہ اوراحترام انسانیت اور خدمت انسانیت کا درس دیتا ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد

منگل 7 جون 2022 00:33

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2022ء) چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان وخطیب و امام بادشاہی مسجد لاہورمولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جو اخوت،یکجہتی،محبت،بھائی چارہ اوراحترام انسانیت اور خدمت انسانیت کا درس دیتا ہے،امام الانبیاء حضرت محمد مصطفی ؐ ساری کائنات انسانی اور سارے جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے،اللہ تعالیٰ نے آپ کو تمام انبیاء کا قائد امام خاتم النبین اور رحمت للعالمینﷺ بنا کر مبعوث فرمایا،دنیا کی تمام مشکلات اور مسائل کاحل سیرت نبویؐ کی پیروی میں ہے۔

وہ مرکزی جامع مسجدباغ آزاد کشمیر میں منعقدہ عظیم الشان پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے -مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ علماء کرام و مشائخ عظام اور آئمہ مساجد، منبر و محراب سے احترام انسانیت،تشدد سے پاک معاشرہ اور پیغام پاکستان کے فروغ کے لیے اپنا عظیم کردار ادا کریں،پیغام پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ ہے جسے پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے،اس بیانیہ پر پاکستان کے تمام جید علماء کرام و مشا ئخ عظام کے دستخط موجو د ہیں،وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے،ملک دشمن طاقتوں کی تمام سازشوں کو ملکر ناکام بنائیں گے،بھارت پاکستان میں انتشار اور عدم استحکام پید ا کرنا چاہتا ہے پیغام پاکستان نے دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو ناکام بنا دیا ہے،پیغام پاکستان کے مثبت اثرات سامنے آچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام کا پیغام امن،اتحاد اور یکجہتی و محبت ہے،اسلام کے پیغام پر عمل کر کے ناقابل تسخیر قوت بن سکتے ہیں،ہم وطن عزیز پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کے لیے قوم کو ایک پلیٹ فارم پرمتحد کرنا چاہتے ہیں،قوم متحد ہو تو دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکا -انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے علماء کرام اور عوام الناس اپنی صفوں میں انتشار پیدا کرنے والے شر پسند عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں اور ہمسایہ ملک بھارت کی کوئی سازش کامیاب نہ ہونے دیں،مولانا آزاد نے کہا کہ ہم وطن عزیز پاکستان کے استحکام،وحدت اُمہ،پیغام پاکستان کے فروغ،مذہبی ہم آہنگی،رواداری کے لیے ہر لمحہ فکر مند اور کوشاں رہتے ہیں،افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے تمام ادارے ملک و قوم کے لیے باعث فخر ہیں جن کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،قوم کی تمام ہمدردیاں اپنی افواج کے ساتھ ہیں،پاکستان کی سلامتی اورتحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے- انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان قومی سلامتی کے اداروں نے ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں جسے ہم خراج تحسین اور سلام پیش کرتے ہیں -کانفرنس سے مولاناسید عطاء اللہ شاہ،مولانا مقصود احمد توحیدی،مولانا امین الحق فاروقی،مولاناظہور اللہ شاہ،حاجی محمد رمضان، مولانا کامران،مولانا سہیل فاروقی،مولانا خورشید اکبر،مولانا اشرف علی،مولانا نوید احمد،مولانا عبدالماجد،مولانا عبدالصبور مدنی،مولانا ضیاء الرحمن فاروقی،مولاناعبیدالرحمن فاروقی،مولانا مطیع الرحمن،حافظ افراز خان،مولانا مطلوب الرحمن،مفتی تنویر احمد،مفتی عزیز احمد،مفتی سید بشیرحسین،مفتی ساجد الرحمن،مفتی ہارون ممتاز چغتائی،مفتی محمد ادریس، مفتی ساجد الرحمن،قاری محمد راشد،مولانا آفتاب بیگ،سردار سبیل چغتائی،سید مظہر شاہ،سید تنویر حسین،مولانا الطاف حسین شاہ،مولانا حافظ محمدآزاد، منہاس و دیگر علماء کرام و مشاخ نے بھی خطاب کیا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں