نیلم میں بھی 23مارچ ’’یوم پاکستان‘‘ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا

صبح کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے دعاؤں سے کیا گیا

ہفتہ 23 مارچ 2024 15:20

نیلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) ملک بھر کی طرح نیلم میں بھی 23مارچ ’’یوم پاکستان‘‘ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا،صبح کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے دعاؤں سے کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز آٹھمقام میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر راجہ عارف محمود نے قومی پرچم جبکہ ایس ایس پی خواجہ محمد صدیق نے ریاستی پرچم کی کشائی کی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ پرچم کشائی کی تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال، چیئرمین بلدیہ سید تجمل حسین شاہ، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز ہارون الرشید اعوان، آفیسر اطلاعات محمد حنیف، مہتمم عمارات سردار امتیاز، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشاء انجم، زراعت آفیسر محترمہ تبسم اشرف، چئیرمین یونین کونسل نیلم نگدر خواجہ انیس علی، انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پرچم کشائی کے تقریب کے بعد شرکاء نے ایک دوسرے کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔ یوم پاکستان پر نیلم کی فضا قومی و ملی نغموں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجہ عارف محمود نے شرکاء کو 84 ویں یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے الگ ملک کے حصول کیلئے لاہور منٹو پارک میں ایک قراداد پیش کی جس کی بنیاد پر 07 سال بعد مسلمانان برصغیر کو آزادی ملی۔

انہوں نے کہا کہ قرارداد پاکستان کے نتیجے میں چلنے والی تحریک سے مملکت خداداد پاکستان کو آزادی ملی مگر یہ تحریک مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے بعد مکمل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر قائم ہے، کشمیریوں نے تحریک آزادی کشمیر اور الحاق پاکستان کیلئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے،آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ان قربانیوں کو ہر گز رائیگاں نہیں جانیں دیں گے اور اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے،آزاد کشمیر کی حکومت تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کا کردار ادا کر رہی ہے،پاکستان کشمیریوں کا پشتی بان ہے اور کشمیریوں کا واحد سہارا ہے،انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارت کے ناجائز تسلط سے آزادی حاصل کر کے پاکستان کا حصہ بنے گا۔

اس موقع پر شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان کا مطلب کیا لا الہ اللہ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ضلع بھر میں یوم پاکستان کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں اور تعلیمی اداروں میں ملی نغمے پیش کیے گئے۔ تقریری مقابلہ جات اور بحث و مباحث بھی کرائے گئے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں