پرائیویٹ کالجز نے بلا جواز فیس وصولی کی آڑ میں بچوں کے مستقبل سے کھلواڑ کرنا شروع کر دیا، رول نمبر سلپ فیس ادائیگی سے مشروط قرار دیدی گئی

بدھ 17 اپریل 2024 18:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) پرائیویٹ کالجز نے بلا جواز فیس وصولی کی آڑ میں بچوں کے مستقبل سے کھلواڑ کرنا شروع کر دیا۔ رول نمبر سلپ فیس ادائیگی سے مشروط قرار دے دی گئی۔ گزشتہ تمام بقایا جات سمیت کئی ایک ماہ کی خود ساختہ فیس وصولی کے لیے والدین کو زیر بار کیا جانے لگا۔ تفصیلات کے مطابق شہر اقتدار و قرب و جوار میں قائم پرائیویٹ کالجز نے فرسٹ ایئر سیکنڈ ایئر کے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کو دہرے عذاب میں مبتلا کر دیا۔

چار ماہ سے زائد کی فیس اور دیگر واجبات کی مد میں بھاری رقوم اینٹھنے کے لیے رول نمبر سلپ دینے سے انکار کر دیا گیا۔ رول نمبر سلپ صرف انہی طلبہ و طالبات کو دی جائے گی جو اپنے بقایا جات کلیئر کریں گے۔تعلیمی اداروں کا انوکھا موقف۔

(جاری ہے)

مظفرآباد کے مختلف گنجان آباد علاقوں محلوں گلیوں کاروباری مراکز میں قائم ان تعلیمی اداروں کے مالکان نے لوٹ مار کے لیے والدین اور طلباء و طالبات کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کرتے ہوئے ان سے خود ساختہ فیس وصولی کے لیے دباؤ بڑھانے کے لیے رول نمبر سلپس روک رکھی ہیں۔

گزشتہ روز والدین کے ایک بڑے وفد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بچوں کے امتحان سر پر ہیں جبکہ اداروں نے ان کی فیس کے بقایاجات نکال رکھے ہیں حالانکہ ہم نے ہر ماہ کی فیس جمع کروا رکھی ہیں اور رسیدیں ہمارے پاس موجود ہیں مگر اداروں نے ان سے ماہانہ ٹیسٹ اور دیگر فنکشنز کے نام پر بقایا جات بنا رکھے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ اداروں کا یہ کہنا ہے کہ ان لوگوں نے چار ماہ سے زائد کی فیس ادا نہیں کی۔

جس کی وجہ سے ہم نے رول نمبرز سلپس روک رکھی ہیں جبکہ والدین کا کہنا ہے کہ ادارے بلا جواز تنگ کر رہے ہیں۔ چار ماہ کی فیس اور چھٹیوں کی فیس بھی ہم سے وصول کرنے کے بعد مزید پیسے طلب کر رہے ہیں اور رول نمبر سلپس روک کر ہمیں بلیک میل کیا جا رہا ہے۔ والدین اور طلباء و طالبات نے ارباب اختیار سمیت محکمہ تعلیم کالجز سے مطالبہ کیا ہے کہ ان اداروں کا ریکارڈ چیک کیا جائے اور ہمیں ہماری رول نمبر سلپس واگزار کروا کر دی جائیں تاکہ یکسوئی سے اپنے امتحانات کی تیاری کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں