بھارت کی لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں سے نیلم کے چپہ چپہ میں شہداء کی داستان رقم ہے،بیرسٹر سلطان چوہدری

شہداء نیلم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،مشن کی تکمیل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے،لائن آف کنٹرول سے مقبوضہ کشمیر کی عوام کو یقین دلاتا ہوں ہم ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں،صدر آزاد جموں و کشمیر

منگل 23 نومبر 2021 21:57

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2021ء) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کی لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں کی وجہ سے وادی نیلم کے چپہ چپہ میں شہداء کی ایک داستان رقم ہے۔ 23 نومبر 2016 کو بھی مسافر بس پر بھارت کی طرف سے فائرنگ کی وجہ سے نگدر کناری میں 12افراد شہید اور 14 زخمی ہوئے تھے۔

آج ہم یہاں اس لئے اکٹھے ہوئے ہیں کہ ہم ان شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کر سکیں اور آج کے دن ہم اس بات کا تجدید عہد کرتے ہیں کہ شہداء نیلم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے مشن کی تکمیل کیلئے ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ میں یہاں لائن آف کنٹرول سے مقبوضہ کشمیر کی عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہدائے نیلم کے موقع پر اٹھمقام میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر ریاست نے کہا کہ وادی نیلم کے شہداء کے خاندان کے ہر فرد کے لیے 3 ہزار روپے ماہانہ ادا کیئے جائیں اور اس میں اضافہ کے لیے میں حکومت سے بھی بات کروں گا۔ اسی طرح 2007 ڈھکی چکناڑ کے متاثرین کو زمین کی فراہمی اور ان کی آباد کاری کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر سابق وزیر و ممبر اسمبلی میاں عبدالوحید نے کہا کہ ہم کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں ہمیں یہ برملا اعتراف کرنے میں کوئی مضحکہ نہیں کہ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر عالمی سطح پر کشمیری عوام کے سفیر ہیں اور ہم ان کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ اس موقع پر سابق وزیر و ممبر اسمبلی میاں عبدالوحید، ممبر اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری پیر مظہرسعید شاہ، سابق وزیر سردار گل خنداں، چیئرمین نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ سید صداقت شاہ، سابق وزیر مفتی منصور، سیکرٹری لبریشن سیل اعجاز لون، حارث مصطفائی، ڈپٹی کمشنر شوکت یوسف زئی و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وادی نیلم کے دورے کا دوسرا دن بھی مصروف ترین گزارا یہاں پر انہوں نے محکمہ خوراک، محکمہ صحت اور نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران سے بریفنگ لی۔ صدر ریاست نے کہا کہ نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ میں نے اپنے دورہ حکومت میں بنوایا تھا لیکن بعد کی حکومتوں کی عدم توجہی کے باعث اس ادارے کو مزید آگے نہیں بڑھایا جا سکا جس سے وادی نیلم میں تعمیر و ترقی نہیں ہو سکی۔

لیکن اب جبکہ میں یہاں وادی نیلم میں صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی دفعہ آیا ہوں میں نے نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ کی بریفنگ لی ہے اس ادارہ کو حکومت سے فنڈز دلوائیں گے اور تعمیر و ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے بنیادی طور پر ہم ان کی مدد کریں گے۔ اسی طرح میں نے محکمہ خوراک اور محکمہ صحت سے بھی بریفنگ لی ہے جس میں مجھے بتایا گیا ہے کہ عالمی معیار کے مطابق بارہ سو لوگوں کے لیے کم از کم ایک ڈاکٹر ہونا چاہیے لیکن اس کے برعکس آزاد کشمیر میں چار ہزار لوگوں کے لیے بھی ایک ڈاکٹر دستیاب نہیں ہے۔

محکمہ خوراک اور محکمہ صحت نے مجھے یقین دلایا ہے کہ آئندہ موسم سرما میں وادی نیلم کے لوگوں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی کے حوالے سے کوئی مشکلات پیش نہیں آنے دی جائیں گی۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وادی نیلم کے مسائل کے حوالے سے مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو فوری طور پر ہدایات جاری کیں۔

اسی طرح صدر ریاست سے نیلم پریس کلب کے صدر عثمان چغتائی کی قیادت میں پریس کلب کے وفد نے بھی ملاقات کی اس موقع پر صدر ریاست کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ جس پر صدر ریاست نے پریس کلب کی عمارت کی تعمیر کا اعلان کیا، صحافیوں کے دیگر مسائل کے حل کی بھی یقین دہانی کروائی اور مقامی صحافیوں کو اشتہارات میں حصہ دینے کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں