ظفرووال، دلہن نے شادی سے انکار کرتے ہوئے گھر کا دروازہ ہی بند کر دیا

دولہا نے اپنے ہاتھوں پر دلہن کا نام بھی مہندی کے ساتھ تحریر کروایا تھا،دلہن کے انکار کے بعد پولیس بلوا لی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 12 دسمبر 2022 14:37

ظفرووال(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12دسمبر 2022ء) شکر گڑھ کے علاقے ظفر ووال میں دلہے ارمان آنسوؤں میں بہہ گئے،دلہن نے شادی سے انکار کرتے ہوئے گھر کا دروازہ ہی بند کر دیا۔سماء نیوز کے مطابق نواحی گاؤں لوہارہ کا رہائشی خاور علی سج دھج کر دلہن لینے پہنچا تھا تاہم دلہن ملنے کے بجائے معاملہ تھانے تک پہنچ گیا۔عائشہ نامی لڑکی کے اہلخانہ نے بارات پہنچنے پر گھر کے دروازے بند کر لیے۔

لوہارہ کا رہائشی خاور علی بارات کے ساتھ پہنچا تھا تو لڑکی والوں نے نکاح پڑھانے اور بارات کے استقبال سے انکار کر دیا۔شادی کی مقرر کردہ تاریخ کو جب دلہن کی جانب سے انکار کیا گیا تو دولہا اور اہلخانہ آبدیدہ ہو گئے۔دلہن کے گھر والوں کے مطابق لڑکے والوں نے جھوٹ بول کر رشتہ پکا کیا تھا جو آج معلوم ہوا اس لیے اپنی بچی کو دلہے کے ساتھ نہیں بھیج رہے۔

(جاری ہے)

دولہا نے اپنے ہاتھوں پر دلہن کا نام بھی مہندی کے ساتھ تحریر کروایا تھا۔دولہا نے دلہن کے اہلخانہ کے انکار پر پولیس بلوا لی۔پولیس نے کہا کہ تحریری اجازت کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔دولہا گلے میں ہار ڈالے باراتیوں کے ساتھ تھانہ ظفرووال پہنچ گیا اور دلہن کے گھر والوں کے خلاف فراڈ کی درخواست دائر کر دی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ وہاڑی کے علاقہ میں نوسر باز وں نے ایک نوجوان کو 20 سالہ لڑکی کا رشتہ دکھا کر شادی والے دن اس کے ساتھ دھوکہ کر دیا اور 60 سالہ بیوہ خاتون سے اس کی شادی کروادی۔

وہاڑی کے رہائشی 22 سالہ شاہد کے اہل خانہ کومنگنی کے وقت 20 سالہ لڑکی دکھائی گئی تھی جسے انہوں نے خود اپنے جواں سال بیٹے کے لیے پسند کیا تھا تاہم رخصتی 60 سال کی بیوہ خاتون کے ساتھ کی گئی۔دولہا اس موقع پر غم سے نڈھال نظر آیا اور بمشکل اتنا بول پایا کہ میرے ساتھ فراڈ ہو گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں