نصیر آباد۔ ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات کا پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے تحصیل پتوکی کا اچانک دورہ ،

پیر 17 فروری 2020 22:02

قصور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات کا پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے تحصیل پتوکی کا اچانک دورہ ،دور دراز علاقوں ،مختلف بھٹوں ، بستیوں اور دیہاتوں میں جا کر قطرے پینے والے بچوں کی انگلیوں پر لگائے گئے نشان چیک کئے ۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات نے پولیو مہم کے پہلے روز ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے تحصیل پتوکی کا دورہ کیا اور انہوں نے ٹرانزٹ پوائنٹ اڈا دینا ناتھ ، فیکسڈ ٹیم ریڈ کریسنٹ ٹیچنگ ہسپتال ، دینا ناتھ سے ملحقہ علاقوں ، المدینہ برکس ، رورل ہیلتھ سینٹر پھولنگر ، انور ٹائون پھولنگر ، خانہ بدوش بستیوں اور دیگر علاقوں میں گھر گھر جا کر دستک دیکر پولیو ویکسین پینے والے بچوں کی انگلیوں پر لگائے گئے سیاہی کے نشانات اور ڈور مارکنگ کو چیک کیا اور مختلف مراکز صحت پر پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی لسٹیں اور ویکسین کی کولڈ سٹوریج کو بھی چیک کیا اور ٹیموں سے ورکنگ کے بارے بھی دریافت کیا ۔ انہوں نے پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ ایس او پی پر سختی سے عمل کیا جائے اور ضلع میں تمام بستیوں ، بھٹوں اور دور دراز علاقوں میں کوئی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ اور تحصیل سپروائزر کو ہدایت کی کہ خاص طور پر بھٹہ جات اور خانہ بدوش بستیوں پر فوکس کیا جائے اور ان جگہوں پر کوئی بچہ پولیو قطرے پینے سے محروم نہ رہے ۔

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران سوفیصد بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف ہر صورت حاصل کیا جائے اور مہم کے دوران کسی قسم کی سستی یا غفلت کی کوئی گنجائش نہیں ۔ ڈپٹی کمشنر محمد اظہر حیات نے کہا کہ قومی خدمت کے جذبے کے تحت پولیو مہم کامیاب بنائی جائیگی اور پولیو مہم کی بھرپور مانیٹرنگ کیلئے ضلعی انتظامیہ سرگرم ہے اور ناقص کارکردگی ، غلط رپورٹنگ ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی ۔

پولیو مہم کی پانچوں روز ٹیموں کی سخت مانیٹرنگ کی جائیگی تا کہ کوئی بھی بچہ حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہے ۔ اس موقع پر اے سی پتوکی آصف علی ڈوگر ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نذیر احمد ، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالمنان بھی انکے ہمراہ تھے ۔اس کے علاوہ تمام اسسٹنٹ کمشنر ز نے بھی اپنی اپنی تحصیلوں میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو چیک کرنے کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بچوں کی انگلیوں پر لگائے گئے نشانات چیک کئے ۔

نصیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں