آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی دیگر ادارے اورممالک پاکستانی قرضے فوری معاف کرے ،مولانا حامد الحق حقانی

پیر 29 اگست 2022 22:27

اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2022ء) جمعیت علمائ اسلام (س )کے سربراہ ،دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ حقانیہ کے وائس چانسلر مولانا حامد الحق حقانی نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کو ہمت ، عزم اور نئے جوش و جذبے سے پاکستان کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے زبردست جدوجہد کرنی پڑے گی۔ حالیہ سیلاب سے پاکستان کئی برس پیچھے چلا گیا ہے،اربوں کھربوں کی مالیت کا نقصان حالیہ سیلاب پاکستان کو دے گیا ہے۔

قوم پہلے سے پریشانیوں اور مہنگائی اور بیروزگاری میں مبتلا تھی اب یہ مزید ناقابل قبول ہوگا کہ پاکستانی قومی قیادت، لیڈرز ، سیاستدان ،حکمران اور افسر شاہی او رملک کے خوشحال امیر طبقات خود شاہ خرچیاں کریں اور قوم کو بدحالی میں تنہا چھوڑ دیں۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ سیلاب اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک انتباہ تھا کہ ملک و قوم کے بڑے چھوٹے افراد رجوع الی اللہ کرکے اپنے تمام تراختلافات کو بھلا کر پاکستان کو ازسرنو تعمیر وترقی کے راستے پر لے جائیں۔

اس وقت وفاقی ، صوبائی حکومتیں اور حزب اختلاف کی جماعتیں مل کر پاکستان کے مستقبل کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی کرے تاکہ آئندہ ایسی بڑی آفات سے بچاؤ کا کوئی حل نکالا جاسکے۔ مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ چاروں صوبوں بلکہ پورے پاکستان کو اس وقت آفت زدہ قرار دیا جاسکتا ہے۔ دنیا سے بھی بات کی جاسکتی ہے کہ پاکستان قدرتی آفت کی وجہ سے دیوالیہ ہونے کو ہے،ہم اس پوزیشن میں نہیں کہ بڑے بڑے مالیاتی اداروں کو پرانے قرضے واپس کرسکیںبلکہ دنیا کو اس وقت پاکستان کے آفت زدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی اورانسانوں کی خوشحالی کیلئے اپنے سیاسی مقاصد سے بالاتر ہوکر اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ ہماری جماعت ، ہمارے خاندان اور ہمارے بڑے دینی مرکز جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک نے 2010کے سیلاب زدگان کے لئے اپنے دروازے کھول دئیے تھے جن کی نگرانی میرے والد شہید قائد جمعیت حضرت مولانا سمیع الحق صاحب نے خود کی تھی اور دو ڈھائی مہینے سیلاب زدگان کو اپنے ادارہ میں سپورٹ کرتے رہے اب بھی میں نے کئی اضلاع اوردرجنوں دیہاتوںکا دورہ کیا جہاں پہ لوگ ملک بھر کے مخیر افراد کی جانب سے تعاون کے بھی منتظر ہیں،انتظامیہ جگہ جگہ کام کررہی ہے لیکن یہ بہت ہی کم ہے ،ہماری قوم کے نوجوانوں کو رضاکارانہ طور پر خود خدمت کے لئے اپنے آپ کو پیش کرنا باعث ثواب اور باعث سعادت ہوگا۔

ملک بھر کے کئی جوان اور بوڑھے لقمہ اجل بن چکے ہیں ان کے لئے حکومت بڑے پیکجز کا اعلان کرے۔مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ غریب زمینداروں کی کھیتیاں اور جانور ،مکانات ملیا میٹ ہوچکے ہیں ،ہماری جماعت جے یوآئی ایس کے ورکرز جگہ جگہ ان تک پہنچ رہے ہیںاور ان کے ساتھ ہر قسم کی مدد کرنے میں پیش پیش ہیں۔خود ہمارے ادارے میں پورے ایک ہفتہ سے ختم قرآن اور ختم بخاری شریف ملک کی بقائ اور سلامتی کے لئے مسلسل کئے جارہے ہیں۔

ہمارے رضاکار پورے ڈسٹرکٹ میں علمائ طلبا نوجوان کام کررہے ہیں۔ میڈیکل کیمپ قائم کئے گئے ہیں،ورکرز کے تعاون سے جگہ جگہ فوڈ پیکجز بھی پہنچائیں جائیں گے،پوری قوم سے میں دعاؤں اور توبہ کی اپیل کرتا ہوں کہ رجوع الی اللہ سے یہ مسائل اللہ رب العزت آہستہ آہستہ حل فرمائیں گی

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں