اورکزئی، درند شیخان میں گورنمنٹ پرائمری سکول کی خستہ حالی، اساتذہ و والدین کا احتجاج

جمعہ 8 نومبر 2019 17:13

اورکزئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) ضلع اورکزئی کے علاقہ درند شیخان میں گورنمنٹ پرائمری سکول آج سے دس سال قبل دہشت گردی کے دور میں تباہ ہوا، اس سکول کی عمارت دس سال گزرنے اور علاقہ آباد ہونے کے باوجود تباہ حال ہے، سکول کے کمروں کی چاردیواریاں ہیں مگر چھتیں نہیں جبکہ سکول کی چاردیواری بھی نہیں ہے۔ سکول کے اساتذہ نے بتایا کہ نہ سکول میں بجلی ہے، نہ پانی اور نہ باتھ روم ، گرمی اور سردی دونو ں موسموں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے، طلباء کے بیٹھنے کیلئے نہ فرنیچر ہے نہ ٹاٹ جس کی وجہ سے شدید سردی میں طلباء کو مجبوراً زمین پر بٹھا کر پڑھانے پر مجبور ہیں، سر چھپانے کیلئے جگہ نہ ہونے سے گرمیوں اور سردیوں میں آسمان میں بادل آتے ہی بارش کے ڈر کی وجہ سے سکول کے بچوں کو چھٹی دینی پڑھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس علاقے میں 2015میں متاثرین واپس ہوئے ہیں، علاقہ مکمل طور پر آباد اور پر امن ہے، ہم نے بارہا متعلقہ حکام اور صوبائی حکومت کو اس سکول کی حالت کے بارے میں بتایا، بار بار یقین دہانیوں کے باوجود اس سکول کی تعمیر و مرمت نہیں ہوسکی۔اساتذہ اور علاقہ کے عوام نے صوبائی مشیر تعلیم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ، سیکرٹری تعلیم اور ڈائریکٹر ایجوکیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے بچوں کے مستقبل پر رحم کھا کر اس سکول کی تعمیر کے احکامات جلد از جلد جاری کئے جائیں بصورت دیگر ہم شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔

اورکزئی ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں