خیبرپختونخوا میں کوئلے کے کان میں گیس دھماکہ‘ 9 مزدور جاں بحق

دھماکہ عین اس وقت ہوا جب مزدور کوئلے کی کان کے اندر کام کررہے تھے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 نومبر 2022 18:28

خیبرپختونخوا میں کوئلے کے کان میں گیس دھماکہ‘ 9 مزدور جاں بحق
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2022ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر اورکزئی کے علاقہ ڈولی میں کوئلے کے کان میں گیس دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی پی او اورکزئی نذیر خان نے بتایا کہ دھماکہ عین اس وقت ہوا جب مزدور کوئلے کی کان کے اندر کام کررہے تھے، اس حادثے کے نتیجے میں 9 مزدور جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق شانگلہ اور دیگر اضلاع سے بتایا گیا۔

معلوم ہوا ہے کہ افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی کمانڈنٹ اورکزئی تسنیم ڈی سی اورکزئی عدنان فرید ڈی پی او نذیر خان فوری جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں انہوں نے ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کی۔ چند ماہ قبل سندھ کے ضلع جامشورو میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 3 مزدور جاں بحق ہوگئے تھے، یہ حادثہ اس وقت ہوا جب جامشورو میں لاکھڑا کول مائن کی کان نمبر 22 میں کھدائی کا کام جاری تھا کہ اس دوران اچانک کان میں زہریلی گیس پھیل گئی، جس کے باعث دم گھٹنے سے وہاں کام کرنے والے 3 مزدور جاں بحق ہو گئے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے زرغون غر میں کوئلے کی ایک کان میں زہریلی گیس بھرنے کے باعث ہونے والے دھماکے میں جھلس کر 5 کان کن جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے، پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ کوئلے کی ایک نجی کان میں رات گئے پیش آیا جہاں زہریلی گیس بھرنے کی وجہ سے اچانک دھماکہ ہوا، واقعے کے بعد 2 مزدروں کو کان سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا جب کہ جاں بحق افراد کی میتیں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے لاشیں ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں جب کہ زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد دی گئی۔

اورکزئی ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں