پاک چین دوستی بلاشبہ لازوال رشتوں پر مبنی ہے، فواد اسحق

جمعرات 15 فروری 2024 22:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2024ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحق نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی بلاشبہ لازوال رشتوں پر مبنی ہے جو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے اور اس کی مثال نئے چینی سال کے موقع پر پاکستان بھر میں تقریبات کا انعقاد ہے تاکہ اہل پاکستان بھی چینی بہنوں اور بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو میں نئے چینی سال کی تقریبات اور شہید بے نظیر بھٹو وویمن یونیورسٹی کی طالبات کی جانب سے ثقافتی نمائش کے افتتاح کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔ سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے نمائش میں رکھی گئی طالبات کی پینٹگز اور آرٹ ورک کو سراہا اور کہا کہ اس نمائش سے بھی پشاور کے شہریوں کو چینی ثقافت سے آگاہی کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

تقریب کے شر کاء سے خطاب کرتے ہو ئے سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے کہا پاکستان اور چین ایک مضبوط تجارتی، ثقافتی اور سیاحتی تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں جس کی مثا ل دنیا بھر میں کہیں نہیں ملتی ہے۔انھوں نے کہا ہے عوامی جمہوریہ چین نے ہمیشہ سے پاکستا ن اور اسکی عوام کی مشکل گھڑی میں بھرپورساتھ دیا ہے۔انھوں نے مزید کہا ہے کہ دونوں ممالک کی غیر متزلزل قیادت اور حکومتوں کی کاوشو ں کے نتیجہ میں پاک چین تعلقات نے نئی بلندیوں کو چھوا ہے، بالخصوص پاک چین راہداری منصو بے (سی پیک) نے دونوں ممالک کے تجارتی روابط کو مزید مستحکم کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان اور خطے کی ترقی و خو شحالی کا مظہر ہے اور اس اہم منصو بے کو جلد مکمل کر نے پر زور دیا ہے۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کر تے سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق کا کہنا تھا کہ چین نے زندگی کے ہر شعبہ میں پاکستان سے بھرپور تعاون کیا اور خاص طور پر وطن عزیز کی معاشی و اقتصادی ترقی کے لئے سی پیک جیسا بڑا منصوبہ بلاشبہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک میں اب ٹیکنالوجی کی ٹرانسفارمیشن انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ا نھوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کی قیادت تجارت کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔انھوں نے چائنہ ونڈو کی جانب سے نئے چینی سال کے موقع پر تقریبات کے انعقاد کو بھی سراہا اور کہا کہ پشاور میں چینی ثقافتی مرکز کا قیام دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کے رشتے مضبوط کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ بعدا ازاں سرحد چیمبر کے صدر فوا د اسحق نے ثقافتی نمائش کا دورہ کیا اورطالبات کی پینٹگز اور آرٹ ورک کی کافی تعریف کی اور طا لبات میں اسنا د بھی تقسیم کیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں