پی کے78 پشاور:عوامی نیشنل پارٹی جیت گئی

شہید ہارون بلور کی اہلیہ ثمرہارون بلور20916 ووٹ لے کر کامیاب، جبکہ تحریک انصاف کے عرفان عبدالسلام کو16819 ووٹوں سے شکست

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 14 اکتوبر 2018 23:15

پی کے78 پشاور:عوامی نیشنل پارٹی جیت گئی
پشاور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 اکتوبر 2018ء) ملک بھر میں ضمنی انتخابات 2018ء میں انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، انتخابی حلقہ پی کے78 پشاورکے 117 پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی نتائج سامنے آگئے ہیں، جس میں غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کی ثمرہارون بلور20916 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئی ہیں۔ جبکہ تحریک انصاف کے عرفان عبدالسلام 16819 ووٹ لیکر ہار گئے ہیں۔

ثمر بلور اے این پی کے جنرل الیکشن میں انتخابی امیدوار ہارون بلور کی اہلیہ ہیں۔ ہارون بلور عام انتخابات2018ء میں انتخابی مہم کے دوران بم دھماکے میں شہید ہوگئے ہیں۔ تاہم ان کی اہلیہ ثمر ہارون بلور نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات میں پولنگ کے عمل کے دوران کل 23 شکایا ت موصول ہوئیں۔

(جاری ہے)

انٹرنیٹ ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 84 فیصد رہا ہے۔

قومی اسمبلی کیلئے5 ہزار117 انٹرنیٹ ووٹ کاسٹ ہوئے، صوبائی اسمبلی کیلئے ایک ہزار 116 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔اسی طرح الیکشن میں76 فیصد اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کیے۔ واضح رہے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے35 حلقوں میں ضمنی الیکشن 2018ء کیلئے پولنگ کا عمل صبح8 بجے شروع ہوا۔ جو کہ شام5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ضمنی الیکشن کے موقع پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ ساتھ باقی تمام متعلقہ ادارے ریسکیو1122، سول ڈیفنس و دیگر بھی الرٹ ہیں۔

الیکشن میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات والے 35 حلقوں کے لئے پانچ خصوصی صنفی شکایات ڈیسک قائم کردئیے ہیں۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ڈیسک چاروں صوبوں اور ایک ڈیسک الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں قائم کیا گیا۔ ضمنی انتخابات کیلئے اسلام آباد ہیڈ کوارٹرز میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ کنٹرول روم انتخابی نتائج مکمل ہونے تک کام جاری رکھے گا۔ کنٹرول روم نے ادارے میں ایک علیحدہ شکایت سیل قائم کیا ہے جو ضمنی انتخابات کے حوالے سے شکایات وصول کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج اور سہولیات فراہم کرنے کا ایک مرکز بھی قائم کیاگیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں