خیبرپختونخوا بار کونسل انتخابات، ملگری وکیلان اکثریتی نشستوں پر کامیاب

اتوار 29 نومبر 2020 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2020ء) اے این پی کی ذیلی تنظیم ملگری وکیلان نے خیبرپختونخوا بار کونسل کے انتخابات میں اکثریتی نشستوں پر میدان مار لیا۔ بنوں کی سیٹ پر شاہ حسین ایڈووکیٹ 657 ووٹ لیکر خیبر پختونخوا بارکونسل کے ممبر منتخب ہوگئے۔ضلع بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، ٹانک، شمالی وزیرستان کی سیٹ پر الگ الگ ممبران کیلئے مذکورہ اضلاع کے جوڈیشل کمپلیکس میں ووٹنگ کا عمل ہوا، بنوں میں عاصم ریاض ایڈیشنل ون جج کی نگرانی میں صبح آٹھ سے سہ پہر چار بجے تک پولنگ کا عمل ہوا، بنوں کی سیٹ پر ملگری وکیلان کے امیدوار شاہ حسین ایڈووکیٹ اور انوار الحق ایڈووکیٹ کے درمیان مقابلہ ہوا، شاہ حسین ایڈووکیٹ نے ڈی آئی خان میں 302، بنوں میں 242 لکی مروت میں 103 اور ٹانک میں 10 ووٹ حاصل کئے ان کے مد مقابل انور الحق ایڈووکیٹ نے ڈی آئی خان میں 394، بنوں میں 90 ووٹ، لکی مروت میں 47 اور ٹانک میں 15 ووٹ حاصل کئے اسی طرح ملگری وکیلان کے امیدوار شاہ حسین ایڈووکیٹ نے مجموعی طور پر 657 ووٹ لیکر پانچ سال کیلئے ممبر منتخب ہوگئے اور ہارنے والے امیدوارانور الحق ایڈووکیٹ نے 545 ووٹ لئے۔

(جاری ہے)

شانگلہ، کوہستان کے سیٹ پر ملگری وکیلان کے حق نواز خان ایڈووکیٹ821ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ مردان میں زر بادشاہ ایڈووکیٹ 313 ووٹوں کے ساتھ سرفہرست رہے۔ اسی طرح چارسدہ کے سیٹ پر ملگری وکیلان کے محمد سریر خان ایڈووکیٹ 987ووٹ لیکر خیبرپختونخوا بار کونسل کے ممبر منتخب ہوگئے۔ کرک سے ملگری وکیلان کے احمد فاروق خٹک بلامقابلہ پختونخوا بار کونسل کے ممبر منتخب ہوگئے ہیں۔ اسی طرح پشاور سے ملگری وکیلان تین سیٹوں پر کامیاب ہوگئی،پشاور سے رضا اللہ خان،سید تیمور علی شاہ اورصادق علی مہمند کامیاب قرار پائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں