ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا زرعی شعبے میں انتہائی استعداد کاحامل خطہ ہی: شاہ فرمان

زمین معیاری زیتون، زعفران، فریش اینڈ ڈرائی فروٹس اور بیری شہد کی پیداوار کے حوالے سے انتہائی زرخیز ہے جن پر ہم نے باقاعدہ ایک جامع پلان کے تحت کام شروع کردیاہے جس سے زرعی شعبے میں انقلاب آئیگا:گورنر خیبرپختونخوا

بدھ 23 جون 2021 23:39

ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا زرعی شعبے میں انتہائی استعداد کاحامل خطہ ہی: شاہ فرمان
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2021ء) گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے کہاہے کہ ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا زرعی شعبے میں انتہائی استعداد کاحامل خطہ ہے۔ خیبرپختونخوا کی زمین معیاری زیتون، زعفران، فریش اینڈ ڈرائی فروٹس اور بیری شہد کی پیداوار کے حوالے سے انتہائی زرخیز ہے جن پر ہم نے باقاعدہ ایک جامع پلان کے تحت کام شروع کردیاہے جس سے زرعی شعبے میں انقلاب آئیگا۔

انہوں نے کہاکہ وہ ذاتی طور پر مذکورہ شعبوں کی استعداد کو استعمال میں لانے کیلئے انتہائی سنجیدہ اور پرجوش ہیں۔مذکورہ شعبوں پر کام کرنے سے نہ صرف آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ ان شعبوں میں ایکسپورٹ اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ساتھ ہی ایک بزنس ماڈل بھی تیارکیاجاسکتاہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے بدھ کے روز پاک چائنہ فوڈ پراسسنگ کوآپریشن اینڈ ایکسچینج فورم میں بذریعہ ویڈیو لنک بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کی۔

انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کا علاقہ چترال ماحولیاتی اعتبار سے زعفران کی کاشت میں انتہائی استعداد رکھتاہے اور ہماری سوچ اور توقعات سے بھی زیادہ زعفران کی پیداوار ہم حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں زیتون کی کاشت کے لئے ایک جامع پلان ترتیب دیاہے جس کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں پہلے سے موجود جنگلی زیتون کی گرافٹنگ کی جائیگی اور اس کے علاوہ نئی پلانٹیشن بھی عمل میں لائی جائیگی اور زمینداروں کے علاوہ حکومتی اور کمیونٹی لینڈ پر زیتون کی کاشت کر کے ایک تیارشدہ کاروبار کوآپریٹو فارمنگ کے ذریعے نوجوانوں کے حوالے کیاجائیگا۔

یہ ایک ایسا تیار منصوبہ ہوگا جس سے معیاری زیتون کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے بلکہ زمینداروں کی آمدن میں بھی بے تحاشا اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں فریش فروٹس موسمیاتی اعتبار اوراپنے بہترین ذائقے کی بدولت دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتے ہیں اور قدرت کی عطاء کردہ اس تحفے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے صوبے میں گورنر فروٹس فارآل پروگرام کے تحت 50 لاکھ پھلدار پودے لگانا شروع کئے ہیں اور اگر ہم ایسے مقامات جہاں عوام کو فروٹس آسانی سے میسر آئے وہاں پر پھلدار پودے لگادیں تو کسی کو بھی فروٹس خریدنے کی ضرورت پیش نہیں آئیگی۔

انہوں نے کہاکہ صوبے میں اس وقت پانچ مختلف قسم کے ڈرائی فروٹس پائے جاتے ہیں جوکہ دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی چند اضلاع میں بیری کا پودا انتہائی اسانی سے پیدا ہوتاہے جوکہ کسی بھی موسم میں متاثر نہیں ہوتا۔ ہم بیری کی کاشت کو وسیع پیمانے پر بڑھانے کیلئے کام کررہے ہیں جس کا واحد مقصد بیری شہد کا حصول ہے، بیری کی شہد دنیا بھر میں مشہورہے کیونکہ اس میں شوگر لیول 6 سے 9 فیصد ہوتاہے اور یہ انتہائی کم درجہ حرارت پر بھی جمتی نہیں ہے۔

بیری کی شہد کی پیداوار میں ہم انتہائی استعداد رکھتے ہیں۔ گورنرخیبرپختونخوا کا کہناتھا کہ بدقسمتی سے مذکورہ شعبوں پر توجہ نہیں دی گئی لیکن اب ہم ان شعبوں میں انقلاب لیکر آرہے ہیں جو ہماری ملک کی معیشت کے استحکام کاباعث بن سکتی ہے اور دنیا بھر کیلئے ان شعبوں میں سرمایہ کاری اور برآمدات میں بے تحاشااضافہ ہوگا۔ چائنہ ایمبیسی اور خیبرپختونخوا بورڈ آف انوسمنٹ اینڈ ٹریڈ کے زیراہتمام ویڈیو کانفرنس میں چائنہ کے سفیر مسٹر نونگ رونگ ، چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ، وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے انڈسٹری عبدالکریم اور دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں