پشاور کے ہسپتالوں میں تیمارداروں کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی

بغیر ویکسی نیشن تیماردوں کو کسی وارڈ میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ویکسی نیشن کرانے کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ ڈائریکٹر لیڈی ریڈنگ ہسپتال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 26 جولائی 2021 17:36

پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی2021ء) پشاور کے ہسپتالوں میں تیمارداروں کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی، ڈائریکٹر لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا کہنا ہے کہ بغیر ویکسی نیشن تیماردوں کو کسی وارڈ میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ویکسی نیشن کرانے کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں لوگوں کو ویکسین لگوانے کیلئے مزید سختی کردی گئی ہے، پشاور کے ہسپتالوں میں تیمارداروں کے داخلے کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے مطابق لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں تیمارداروں کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازم کردی گئی ہے، کورونا ویکسی نیشن لگائے بغیر تیماردار کسی بھی وارڈ کے اندرداخلے پر پابندی عائد ہوگی۔

(جاری ہے)

ہسپتال ڈائریکٹر نے کہا کہ کورونا ویکسین لگانا سب کیلئے بےحد ضروری ہے، عوام رجسٹریشن کروائیں اور کورونا ویکسین لگوائیں۔ ایک بیمار ایک تیماردار کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

اسی طرح ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کے لیے گھر گھر جا کر ویکسی نیشن کا آغاز کردیا گیا۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے بتایا ہے کہ پولیو مہم کی طرز پر ٹیمیں گھر گھر جا کر کورونا ویکسین لگائیں گی اور روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 65 ہزار شہریوں کی ویکسی نیشن کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے ، جس کے لیے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانا ہمارا ہدف ہے ، اس مہم میں 40 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن کے ہدف کو حاصل کیا جائے گا ، مہم کے دوران شہری کورونا ویکسی نیشن ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور ویکسین لازمی لگوائیں کیوں اس طرح ہی کورونا سے بچاؤ ممکن ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وبا کی چوتھی لہر جاری ہے ، جہاں ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر ساڑھے 7 فیصد سے بھی زائد ہو گئی ہے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 32 افراد جاں بحق ہوگئے ، جس کے بعد ملک میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 23 ہزار 48 ہوگئی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 3 ہزار 752 کیسز سامنے آئے اور ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 8 ہزار 446 ہوگئی۔

مزید برآں کورونا وائرس سے بچاؤ کی امریکی موڈرنا ویکسین کی دوسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے۔ پاکستان کو کوویکس کے تحت موڈرنا ویکسین کی دوسری کھیپ ملی ہے۔ غیرملکی ایئرلائن کی پرواز 30 لاکھ موڈرنا ویکسین ڈوز لیکر اسلام آباد پہنچی، کوویکس نے پاکستان کو موڈرنا کورونا ویکسین بطور امداد دی ہے۔ حکام وزارت صحت کا بتانا ہے کہ یہ کوویکس سے ملنے والی ویکسین کی پانچویں کھیپ ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں