خیبرپختونخواکے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افرادکی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے پہلے خطاب کی پذیرائی

نومنتخب وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں تمام مسائل پرکھل کربات کی جوکہ پارٹی منشوراورسودن پلان کاحصہ تھے،تیمورسلیم جھگڑا قوم کی نظریں عمران خان پرلگی ہوئی ہیں،ملک کی تقدیربدلنے کیلئے خلوص نیت اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے،فداگل ایڈووکیٹ وزیراعظم کاخطاب یقینامتاثرکن تھا،عوامی توقعات پرپورااترنے کیلئے حکومت کیلئے وعدوں کوعملی جامہ پہنانالازم ہوگا،تجزیہ کارمحمودجان

پیر 20 اگست 2018 23:30

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) خیبرپختونخوا کے وکلاء ،تجزیہ کاروں اورسیاسی وسماجی حلقوں نے نومنتخب وزیراعظم عمران احمدخان نیازی کے قوم سے پہلے خطاب کو جامع،عوامی امنگوں اور توقعات کے عین مطابق قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں تمام مسائل پر کھل کر بات کی جوکہ اہم قومی ایشوزتھے ملک کو درپیش چیلنجزسے نمٹنے اورعوام کی توقعات پرپورااترنے کیلئے نئی وفاقی حکومت کوعملی اقدامات اٹھانے ہونگے ۔

’’اے پی پی ‘‘سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے پشاورسے منتخب رکن صوبائی اسمبلی تیمورسلیم خان جھگڑا نے کہاکہ وزیراعظم کی کرسی پربیٹھاشخص عمران خان نیازی نے اپنی قوم سے ان ہی کے مسائل پر بات کی جن کی تقریرکی تمام حلقوں کی جانب سے پذیرائی ملی وزیراعظم نے اپنے خطاب میں ملک کودرپیش تمام مسائل پر تفصیلی بات کی ہے جن میں اہم قومی ایشو شامل تھے اور ان کے حل کیلئے نئی وفاقی حکومت کو احکامات بھی جاری کئے ہیں نومنتخب وزیراعظم کے خطاب کے مندرجہ جات پارٹی منشور اور 100دن پلان کا حصہ تھے جن کے حل کیلئے نئی وفاقی حکومت باقاعدہ پروگرام ترتیب دیگی جس کے دورس نتائج سامنے آئینگے اورعوام جلد نئے پاکستان کے ثمرات محسوس کرینگے۔

(جاری ہے)

پشاورہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کے سابق صدر فداگل ایڈووکیٹ نے وزیراعظم کے قوم سے خطاب کوسراہتے ہوئے کہاکہ عمران خان کی طرف سے وزیراعظم ہائوس کے اخراجات میں کمی کااعلان اچھاقدام ہے قوم کی نظریں نئے وزیراعظم کی جانب لگی ہیں معاشرے اور ملک کی ترقی کیلئے عمران خان کے اعلانات پرہمیں خوشی ہے تاہم انہیں چاہئے کہ اپنی ٹیم میں اچھے اورغیرمتنازعہ شخصیات کو شامل کریں تاکہ عملی طور پر ملک کی تقدیربدلی جاسکے انہوں نے عدلیہ میں اصلاحات کے وزیراعظم کے اعلان کوخوش آئند قرار دیاتاہم اس امر پرزوردیاکہ عدلیہ سے متعلق تمام فیصلے ،تبادلے وتقرریاں میرٹ کی بنیادپرکی جائیں تو اس سے نہ صرف حکومتی کارکردگی بہترہوگی بلکہ عدالتوں پر بھی اس کے مثبت اثرات پڑینگے۔

سینئرصحافی اور تجزیہ نگار محمودجان بابر نے ’’اے پی پی ‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ نومنتخب وزیراعظم عمران خان کاقوم سے خطاب یقینامتاثرکن تھا ٹیکس ریفارمز،سادگی وکفایت شعارحکومت،ڈیموں کی تعمیر،قرضوں میں کمی اورپڑوسی ممالک کے ساتھ بہترتعلقات نئی حکومت کیلئے بڑے چیلنجزہونگے انہوں نے کہاکہ عمران خان کے ساتھ عوام کے توقعات جڑے ہوئے ہیں وزیراعظم بننے کے بعد یہ توقعات مزیدبڑھ گئے ہیں اب نئی حکومت کیلئے لازم ہوگا کہ وہ اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں ۔

پشاورکی سماجی شخصیت میاں ارشدجاوید گوڑواڑہ نے نومنتخب وزیراعظم عمران خان کے خطاب کوعوامی مسائل کے حل کی جانب پہلاقدم قراردیتے ہوئے کہاکہ نومنتخب وزیراعظم نے اپنی تقریرمیں قوم کے ساتھ جو وعدے کئے امیدہے کہ وہ انہیں عملی جامہ پہنائینگے اس وقت ملک میں توانائی کاسب سے بڑا بحران ہے جس سے عوام شدیدمتاثرہورہے ہیں وفاقی حکومت کوچاہئے کہ وہ بجلی بحران پرقابوپانے کیلئے نئے منصوبے شروع کرے تاکہ لوڈشیڈنگ کامسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوسکے اسکے علاوہ یوٹیلٹی بلوں اورپٹرولیم مصنوعات میں اضافی ٹیکسزختم کرکے قیمتوں میں کمی لائی جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں